افغان انتظامیہ اور عالمی برادری نے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی
پاکستان عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔عاصم افتخار کی ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آباد (ویب نیوز)
دفترخارجہ نے کہا ہے کہ سرحد پار حملے روکنے کے لیے افغان انتظامیہ اقدامات کرے۔ افغان انتظامیہ اور عالمی برادری نے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ افغانستان سے سرحد پار حملے میں تین فوجی جوانوں کی شہادت کے معاملے کو اسلام آباد اور کابل دونوں جگہ پر اٹھایا ہے۔ پاکستان نے واضح کردیا ہے کہ افغانستان انتظامیہ ایسے واقعات کا سدباب کرے۔ انھوں نے کہا کہ افغان انتظامیہ اور عالمی برادری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور افغانستان کے ایشیا کپ میچ کے بعد بدتمیزی اور مارپیٹ کے واقعات افسوسناک ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے عوام دوستوں کے درمیان ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ مولانا مسعود اظہر کے معاملے پر جس طرح اس معاملے کو اچھالا گیا وہ سود مند نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ مولانا مسعود اظہر ایک مفرور دہشت گرد ہے جو کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور ہم نے بارہا افغان حکومت سے ان کی نشاندہی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی فلیش اپیل 160 ملین ڈالرز کی تھی، فلیش اپیل کے جواب میں اس اپیل کے 70فیصد کے قریب امداد کے اعلانات کیے گئے۔ امداد مختلف طریقوں،کیش، براہ راست اقوام متحدہ کو اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے، 1400 افراد تباہ کن سیلابوں میں جاں بحق ہوئے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گلوبل کاربن فٹ پرنٹ میں انتہائی کم حصہ کے باوجود پاکستان بھاری قیمت چکا رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی قابض افواج کی ریاستی دہشتگردی سے مزید 3 کشمیری شہید ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا ملٹرائزڈ زون ہے، یہ ناقابل قبول صورتحال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی دہشتگردی کے متاثرین پر کانفرنس میں شرکت کی، بلاول بھٹو نے متاثرہ کشمیری اور فلسطینی شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے ملکہ الزبتھ کی وفات پر برطانوی ہائی کمشن کا دورہ کیا، بلاول بھٹو زرداری نے تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کیے۔