- برلن کے تمام اداروں کی طرف سے مسلمانوں کے ساتھ برتے جانے والے سلوک اور برتائو میں اسٹرکچرل تعصب بنیادی مسئلہ قرار
- حقائق جاننے اور مسئلہ کے حل کیلئے جرمن حکومت کی طرف سے تشکیل کردہ کمیشن کی رپورٹ اور تجاویز سامنے آ گئیں
- رپورٹ میں مسلمانوں کے خلاف جرائم اور نامناسب رویوں کے بارے میں عمومی آگاہی نہ ہونے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا
- برلن میں3.8 ملین سے زائد مسلمان آباد ہیں، اتنی بڑی آبادی کے مسائل کو حل کرنے کی فوری کوشش کرنا چاہیے، تجویز
- تعصب کی کسی بھی قسم کو زیادہ بہتر طریقے سے پہچانے کیلئے پولیس، ججوں اور اساتذہ کی پروفیشنل ڈویلپمنٹ پر توجہ دینا چاہیے، تجویز
برلن (ویب نیوز)
برلن کے تمام اداروں کی طرف سے مسلمانوں کے ساتھ برتے جانے والے سلوک اور برتائو میں اسٹرکچرل تعصب بنیادی مسئلہ قرار،حقائق جاننے اور مسئلہ کے حل کیلئے جرمن حکومت کی طرف سے تشکیل کردہ کمیشن کی رپورٹ اور تجاویز سامنے آ گئیں۔جرمن حکومت کی طرف سے تشکیل دیے گئے ایک پینل نے کہا ہے کہ دارالحکومت برلن کے تمام اداروں میں ہی مسلم کمیونٹی کو ناموافق حالات کا سامنا ہے۔ اس پینل نے اس صورتحال میں بہتری کے لیے متعدد تجاویز بھی دی ہیں۔ جرمن حکومت کی طرف سے تشکیل کردہ ایک کمیشن نے رواں ماہ ہی ایک رپورٹ جاری کی، جس میں کہا ہے کہ برلن کے تمام اداروں کی طرف سے مسلمانوں کے ساتھ برتے جانے والے سلوک اور برتائو میں اسٹرکچرل تعصب ایک مسئلہ ہیں۔ فروری 2020 میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایک انتہا پسند کی طرف سے جرمن شہر ہنا میں کیے گئے ایک حملے کے بعد برلن حکومت نے ایک کمیشن ترتیب دیا تھا۔ اپنی نوعیت کے اس اولین کمیشن کا مقصد ایسے واقعات کے اسباب و سدباب کے حوالے سے تجاویز ترتیب دینا تھا۔ اس حملے میں ایک انتہا پسند نے تارکین وطن پس منظر کے حامل آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ بعد ازاں اس نے اپنی والدہ کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کر لی تھی۔ دو سال کی تحقیق کے بعد اس کمیشن نے اپنی رپورٹ جاری کی، جس میں بتایا گیا ہے کہ برلن میں اقلیتی برادریاں ایسے سازگار حالات میں زندگی بسر نہیں کر رہی ہیں، جیسا کہ خیال کیا جاتا ہے۔ جرمن دارالحکومت میں مختلف مذاہب کے افراد کے مابین ہم آہنگی اور بقائے باہمی کو ایک اعلی مثال قرار دیا جاتا ہے تاہم اس رپورٹ کے مطابق حقیقت برعکس ہے۔ جرمن حکومت کے تشکیل کردہ اس کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جرمن اکثریت میں یہ عمومی(نسل پرستانہ)رویہ پایا جاتا ہے کہ اس شہر میں غربت اور اسلام کے مابین ایک بڑا تعلق ہے جبکہ برلن کی مسلم کمیونٹی کا خیال ہے کہ وہ کم ہنر یافتہ تارکین وطن ہیں۔ ان کیفیات کے نتیجے میں برلن کے تمام مسلمانوں کو براہ راست تو نہیں بلکہ ایک ساختیاتی(اسٹرکچرل) نسلی تعصب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس رپورٹ میں مسلمانوں کے خلاف جرائم اور نامناسب رویوں کے بارے میں عمومی آگاہی نہ ہونے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب انٹیلی جنس ادارے مسلم اداروں کی نگرانی کرتے ہیں تو اس میں شفافیت کی کمی ہوتی ہے۔ اس اقلیت کے مسائل کو میڈیا میں بھی کم توجہ دی جاتی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسکارف پہننے والی خواتین کو امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق دیگر خواتین کے مقابلے میں مسلم خواتین جب جنسی تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا دعوی کرتی ہیں تو انہیں کم توجہ ملتی ہے یا ان دعوئوں کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا۔ برلن میں مسلم آبادی اگرچہ قدرے پسماندہ ہے لیکن ان کی تعداد کم نہیں ہے۔ جرمن دارالحکومت میں مسلم آبادی کا تناسب 10 فیصد کے لگ بھگ ہے۔ برلن میں تین اعشاریہ آٹھ ملین سے زائد مسلمان آباد ہیں، جن میں سے زیادہ تر کئی نسلوں سے اس ملک میں سکونت پذیر ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برلن کی اتنی بڑی آبادی کے مسائل کو حل کرنے کی فوری کوشش کرنا چاہیے۔ اس صورتحال سے نمٹنے خاطر اس کمیشن کی طرف پیش کردہ تجاویز میں چار امور پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جن میں قانون نافذ کرنے والے اور کرمنل جسٹس کے اداروں کے علاوہ ثقافتی زندگی اور تعلیم کے شعبے میں عمومی رویوں اور اعمال کو بدلنے کی بات کی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں اصرار کیا گیا ہے کہ ان شعبوں میں کرنے والوں کی خصوصی تربیت کی ضرروت ہے جبکہ پولیس، ججوں اور اساتذہ ان کی پروفیشنل ڈویلپمنٹ پر بھی توجہ دینا چاہیے تاکہ وہ تعصب کی کسی بھی قسم کو زیادہ بہتر طریقے سے پہچان سکیں۔برلن میں ترک ایسوسی ایشن(ٹی بی بی)کے ترجمان سافٹر سانار کا کہنا ہے کہ بعض اوقات نسل پرستانہ رویے عدم حساسیت کی وجہ سے بھی رونما ہو جاتے ہیں، ”نسل پرستانہ جملہ بولنے والا ہر شخص نسل پرست نہیں ہوتا۔ کچھ لوگوں کو علم ہی ہوتا کہ وہ نسل پرستانہ رویے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ سافٹر سانار کے بقول جرمنی میں نسل پرستی کا نظریہ قدرے نیا ہے۔ ان کے بقول ریاستی ملازمین کے لیے یہ بات واضح ہونا چاہیے کہ اگر ان میں سے کوئی نسل پرستی کا مرتکب ہو گا تو اس کے کیا نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔