گنے، گندم ، مرچ ،تمباکو ،سیب ،انگور ،لہسن، فروٹ ،تیل کی بیج ،انار ،جوار ،باجرہ ،خربوزے کی فصل کو بھی نقصان پہنچا،رپورٹ
اسلام آباد (ویب نیوز)
حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث پاکستان میں فصلوں اور اجناس کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اب تک 481 ارب روپے کی فصلیں و اجناس تباہ ہوچکی ہیں۔ پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث ہر طرف تباہی اور قیامت صغرا کے مناظر دیکھنے کو نظر آرہے ہیں، ان کی تباہ کاریوں میں فصلوں اور اجناس کی تباہی بھی شامل ہے جو ملک میں غذائی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک 481 ارب روپے کی فصلیں اور اجناس تباہ ہوچکی ہیں جس سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب ،بارشوں کے باعث اربوں روپے کی فصلیں،فروٹ ،سبزیاں اور اجناس تباہ ہوئیں۔ سیلاب کے باعث کپاس ،چاول ،مکئی ،دالوں ،آلو ،پیاز ،ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں نقصان پہنچا جب کہ گنے، گندم ، مرچ ،تمباکو ،سیب ،انگور ،لہسن، فروٹ ،تیل کی بیج ،انار ،جوار ،باجرہ ،خربوزے کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث اب تک 239 ارب41 کروڑ 64 لاکھ روپے کی کپاس تباہ ہوچکی ہے جبکہ 70 ارب 89 کروڑ 44 لاکھ روپے کی چاول کی فصل تباہ ہوئی۔دستاویزات کے مطابق 31 ارب 91 کروڑ 46 لاکھ روپے کی پیاز کی فصل، 23 ارب 78 کروڑ 70 لاکھ روپے کی کھجور کی فصل، 12 ارب 56 کروڑ 56 لاکھ روپے کے انار کی فصل، 13 ارب 59 کروڑ 60 لاکھ روپے کا ٹماٹر تباہ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث 20 ارب 56 کروڑ 26 لاکھ روپے کی گنے کی فصل،15 ارب 45 کروڑ 50 لاکھ روپے کی مرچ، 8 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سبزیاں تباہ ہوئی جبکہ ایک ارب ایک کروڑ 51 لاکھ روپے کی دال مونگ تباہ ہوئی اور 75 کروڑ 51 لاکھ روپے کی دال ماش، اسی طرح 43 کروڑ 7 لاکھ روپے کی دال موٹھ کو نقصان پہنچا۔