اسلام آباد (ویب نیوز)
دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے کسی وفد کے اسرائیل کا دورہ کرنے کے تاثر کو یکسر مسترد کردیا۔ اس حوالے سے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مذکورہ دورے کا اہتمام ایک غیر ملکی این جی او نے کیا تھا جو پاکستان میں مقیم نہیں ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف واضح اور غیر مبہم ہے، ہماری مکمل قومی اتفاق رائے کی حامل ایسی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی مستقل حمایت کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد، قابل عمل اور متصلہ فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔