ترکیہ، تاجکستان، عمان اور ایران نے زمینی اور بحری راستے سے بھی امداد پاکستان بھیجی ہے،ترجمان دفتر خارجہ کا بیان
اسلام آباد (ویب نیوز)
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے 15ممالک اور 3 عالمی تنظیموں کی جانب سے 123 طیارے امدادی سامان کے پہنچ چکے ہیں،سب سے زیادہ یو اے ای نے41 ، امریکہ 21، اور عمان نے8 امدادی طیارے پاکستان بھیجے ہیں۔ اسلام آباد سے جاری ترجمان کے بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات نے سب سے زیادہ 41 امدادی طیارے راولپنڈی، کراچی اور لاہور بھیجے۔ امریکا نے سیلاب متاثرین کے لیے 21 امدادی طیارے سکھر، کراچی اور راولپنڈی بھیجے۔ ترکیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 13 طیارے کراچی اور راولپنڈی بھیجے۔ جبکہ چین اور قطر سے 4، 4 امدادی طیارے پاکستان آئے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ عمان سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد لے کر 8 طیارے پاکستان پہنچے۔ سعودی عرب سے متاثرین سیلاب کیلئے 5 امدادی طیارے پاکستان پہنچ چکے۔ ازبکستان، فرانس، ترکمانستان اور اردن سے امداد لیکر ایک، ایک طیارہ پاکستان پہنچا۔ نیپال، برطانیہ، روس اور یونان سے بھی ایک، ایک امدادی طیارہ پاکستان پہنچا۔ ترجمان کے مطابق یونیسف نے 3، اقوام متحدہ ادارہ برائے مہاجرین نے 13، عالمی ادارہ خوراک نے 3 طیارے بھیجے، ترکیہ، تاجکستان، عمان اور ایران نے زمینی اور بحری راستے سے بھی امداد پاکستان بھیجی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترکیہ سے ہلال احمر نے امدادی سامان کے 2 ٹرک، 3 ٹرینیں پاکستان بھیجیں، تاجکستان نے 87 ٹرکوں پر مشتمل امدادی قافلہ پاکستان بھیجا۔ ترجمان کے مطابق ایران سے ہلال احمر نے ٹرکوں کے ذریعے 100 ٹن امدادی سامان پاکستانی ہلال احمر کے حوالے کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ عمان سے حال ہی میں ایک بحری جہاز امدادی سامان لیکر کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔