حکومت اپوزیشن کے درمیان جھگڑا ہوتے ہوتے رہ گیا،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، سینیٹر رانا مقبول احمد، سینیٹر بہرہ مند تنگی کی اپوزیشن سینیٹر سے تلخ کلامی
تحریک انصاف کے ارکان کا حلف کے موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیرائو ، سینیٹر اسحاق ڈار جب نشست پر پہنچے تو ان کا بھی گھیرائو کیا گیا
اسلام آباد (ویب نیوز)
نئے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپوزیشن کی شدید ہنگامہ آرائی کے دوران سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھالیا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے حلف لیا، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے دوران ایوان میں چیئرمین سینیٹ کو سارجنٹس طلب کرنا پڑے حکومت اپوزیشن کے درمیان جھگڑا ہوتے ہوتے رہ گیا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، سینیٹر رانا مقبول احمد، سینیٹر بہرہ مند تنگی کی اپوزیشن سینیٹر سے تلخ کلامی ہوگئی، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے حلف کے موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیرائو کرلیا جبکہ سینیٹر اسحاق ڈار جب نشست پر پہنچے تو ان کا بھی گھیرائو کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن سے پانچ سالہ خودساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان پہنچنے پر سینیٹ میں آگئے۔ ان کے سینیٹ میں آنے پر حکومتی ارکان نے خیرمقدمی ڈیسک بجائے ، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے شیم شیم، اجنبی اجنبی، چور چور کے نعرے لگائے ۔ جیسے ہی سینیٹر اسحاق ڈار نشست پر بیٹھے چیئرمین سینیٹ نے انہیں حلف کیلئے مدعو کرلیا۔ حلف لینے پہنچے تو تحریک انصاف کے سینیٹر نے اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم کی قیادت میں چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیرائو کرلیا اور چوروزیرخزانہ کے پلے کارڈز بھی لہرا دئیے۔ تحریک انصاف کے سینیٹرز کی شدید نعرہ بازی کے دوران چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر اسحاق ڈار سے حلف لیا نئے سینیٹر نے رول آف رجسٹر پر دستخط کیے اور تحریک انصاف کی ہنگامہی آرائی کے پیش نظر دوسری طرف سے اپنی نشست پر پہنچے ۔ چیئرمین سینیٹ نے واضح کیا کہ اسحاق ڈار سینیٹر ہیں انہیں حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ سینیٹر اسحاق ڈار حکومتی سائیڈ پر پہلی قطار کی دوسری نشست پر بیٹھ گئے یہاں بھی پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے ان کا گھیرائو کرلیا جھگڑا ہوتے ہوتے رہ گیا۔ خواجہ سعد رفیق اور کئی حکومتی سینیٹرز بھی وہاں پہنچ گئے۔ جس پر چیئرمین سینیٹ کو سارجنٹس کو بلانا پڑے ۔ اور تحریک انصاف انصاف کے سینیٹ کے ارکان کو ان کی نشستوں کی طرف جانے کوکہا گیا۔ فلور ملنے پر شہزاد وسیم نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ آپ نے اجنبی سے حلف لیا ہے۔ ایوان کا تقدس یہ نہیں ہے بیرون ملک سے منتخب ہوئے ایک وزیراعظم کے جہاز میں فرار ہوئے دوسرے وزیراعظم کے جہاز میں وطن واپس لوٹے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ احتجاج ان کا جمہوری حق ہے ایوان کی درخشندہ روایات کو پامال نہ کریں ماحول نہ خراب کریں ہم سب ساتھی ہیں آئین وقانون سے ماورا کوئی نہیں ہے ۔ موجودہ صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان بھی اشتہاری رہے مگر انہوں نے عدالت سے بریت حاصل کی۔ اسحاق ڈار بھی عدالت گئے عدالت نے 7اکتوبر تک گرفتاری کا آرڈر معطل کیا ہے۔ اس دوران بھی تحریک انصاف کے ارکان نے شدید احتجاج کیا۔ تاہم آہستہ آہستہ یہ احتجاج مدھم پڑتا گیا اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان خاموشی سے اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے۔