کوئٹہ (ویب نیوز)
سمیڈا کے منیجر پالیسی اینڈ پلاننگ علی اشتیاق نے کہا ہے کہ بلوچستان کی سیلاب سے متاثرہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتوں کو ہونے والے نقصانات بارے اسسمنٹ کرکے حکومتی اعلی حکام کو آگاہ کریں گے تاکہ ان کیلئے گرانٹ و دیگر کا سامان ہو سکے اس بابت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے عہدیداران و ممبران کا ہمیں تعاون درکاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی ،نائب صدر سید عبدالاحد آغا ودیگر نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب نے بلوچستان میں سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز سمیت ہر شعبے کو بری طرح جھنجھوڑ کرکے رکھ دیا ہے نا صرف زراعت اور گلہ بانی کے شعبہ جات بری طرح متاثر ہوئے ہیں بلکہ امپورٹ اور ایکسپورٹ سے وابستہ شعبے بھی تباہ حالی کا شکار ہیں بدقسمتی سے اس آفت کی صورتحال میں بھی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوششیں جاری ہیں جس کی وجہ سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتوں سے وابستہ افراد و دیگر متاثرین کی حق تلفی ہو رہی ہے۔ سمیڈا از خود اسسمنٹ کا کام انجام دیں ورنہ اعداد و شمار میں فرق و دیگر کی وجہ سے متاثر ہونے والوں کو ان کا حق پہنچ نہیں پائیگا۔اس موقع پر سمیڈا کے منیجر پالیسی اینڈ پلاننگ علی اشتیاق، پراونشل چیف شکوراحمد،منیجر جمشید کا کہنا تھا کہ سیلاب سے جن چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو نقصان پہنچا ہے انہیں ایمرجنسی سپورٹ و دیگر سہولیات باہم پہنچانے کا سامان کرنے کیلئے ایک اسسمنٹ کی جارہی ہے کرونا کی عالمی وبا کے دوران بھی سمیڈا نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتوں کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے کر حکام بالا کو آگاہ کیا جس پر حکومت کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتوں کو بجلی بلوں میں رعایت دی گئی تھی ہم چاہتے ہیں کہ زراعت،گلہ بانی اور دیگر شعبوں سے وابستہ ان لوگوں کی مدد کی جائے جو بلواسطہ یا بلا واسطہ حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں تاکہ وہ دوبارہ انفرا اسٹریکچر و دیگر کو بہتر کر سکے ہم نے پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے سے بھی تفصیلات حاصل کی ہے مگر ان کا زیادہ زور ریلیف پر تھا صنعتوں کو ہونے والے نقصانات پر نہیں۔انہوں نے کہا کہ سمیڈا کی جانب سے دئیے جانے والے پروفارمے کی مدد سے ہم بہتر اسسمنٹ کیلئے کوشاں ہے اس بابت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا تعاون ہمیں درکار ہیں ہمیں امید ہے کہ ہمیشہ کی طرح اب کے بار بھی ہمیں آپ کا بھر پور ساتھ حاصل رہے گا۔