سفیر پاکستان کی امریکہ میں مقیم مسلم انسانی تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو
واشنگٹن (ویب نیوز)
امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے عالمی برادری، ترقیاتی شراکت داروں اور دنیا بھر میں مخیر تنظیموں کی طویل المدت وابستگی کی ضرورت ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی بڑی تباہی کے بعد تعمیر نو کے لئے برسوں کا عرصہ درکار ہے۔سفیر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار امریکہ میں مقیم مسلم انسانی تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد جو کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی ا مداد کے لیے کمیونٹی کو متحرک کرنے میں سرگرم عمل ہیں ، سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں اسلامک ریلیف یو ایس اے، زکوة فائونڈیشن، الخدمت فائونڈیشن، ہیلپنگ ہینڈ یو ایس اے، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ اور دیگر ادارے شامل تھے۔ سفیر پاکستان نے پاکستان میں امداد اور بحالی کی سرگرمیوں میں انتھک کوششوں اور فراخدلی سے تعاون کرنے پر امریکہ میں مقیم مسلم انسانی تنظیموں کے فعال کردار کی تعریف کی۔حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ نکاسی آب، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، کمبل، بستر اور گرم کپڑے بے گھر ہونے والی آبادی کی مشکلات کو دور کرنے میں مدد گار ہوں گے۔سفیر پاکستان نے اقوام متحدہ، امریکی حکومت، امریکی کانگریس ، سینیٹ کے اراکین ، عالمی سطح پر شہرت یافتہ شخصیات اور انٹرنیشنل میڈیا کا سیلاب متاثرین سے اظہار یک جہتی کرنیاور عالمی سطح پر ان کی مشکلات کواجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ زکوة فائونڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حلال دیمیر نے کہا کہ امریکہ میں مقیم تقریبا 3.5 ملین مسلمان پاکستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔حلال دیمیر نے کہا کہ سیلاب زدگان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے امریکن مسلم ہیومینٹیرین فورم کو متحرک کر دیا گیا ہے۔اسلامک ریلیف یو ایس اے کے صدر انور خان نے اس موقع پر بتایا کہ ان کی تنظیم نے سیلاب متاثرین کے لئے5.5 ملین ڈالر جمع کئے ہیں جبکہ اسلامک ریلیف متاثرہ آبادی کو ریلیف کی فراہمی کے لیے امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ تینوں ملکوں سے پندرہ ملین ڈالر اکٹھا کرے گا۔آغوش الخدمت یو ایس اے کے چیئرمین شکور عالم نے اس موقع پر بتایا کہ الخدمت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 21 فلٹریشن پلانٹس فراہم کیے ہیں تاکہ بے گھر ہونے والی آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔الخدمت فائونڈیشن کسانوں کو بیج، کیڑے مار ادویات کی فراہمی اور دیگر بحالی کے منصوبوں جن میں کم لاگت کے ہائوسنگ پروجیکٹ شامل ہیں پر کام کر رہی ہے۔ ہیلپنگ ہینڈ یو ایس اے کے پبلک افیئرز اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز کے ڈائریکٹر آصف خان نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ ان کی تنظیم سیلاب متاثرین کے لیے 8.5 ملین ڈالر کی امداد فراہم کر رہی ہے جبکہ امدادی سامان لے جانے والے 50 کنٹینرز بھی بک کئے جا چکے ہیں۔آصف خان نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ پاکستان کے 85 اضلاع میں کام کر رہا ہے اور متاثرہ آبادی کو ریلیف فراہم کر رہا ہے۔ آصف خان نے سیلاب متاثرین کے لیے 15 ملین ڈالر نقد اور 15 ملین ڈالر کی امداد کا بھی وعدہ کیا۔مسلم ریسپانس کے صدر اور سی ای او عارف محمود نے کہا کہ ان کی تنظیم راجن پور اور ملحقہ علاقوں میں بے گھر آبادی کو حفظان صحت کا سامان، خوراک اور صاف پانی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کے منصوبوں میں صوبہ سندھ میں جاری منصوبوں کو وسعت دینا اور خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کے لیے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا شامل ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ امریکی تنظیمیں اور فلاحی ادارے بھی امدادی سرگرمیوں میں دل کھول کر تعاون کر رہے ہیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے وفد کی کوششوں اور فراخدلانہ تعاون پر انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ امریکہ کی معروف کمپنیوں، کارپوریٹ اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی امدادی سرگرمیوں میں شراکت داری کے لیے رابطہ کیا جا رہا ہے۔سفیر پاکستان نے شرکا پر زور دیا کہ وہ کمیونٹی رہنمائوں ، رائے سازوں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی توجہ اس جانب دلائیں کہ وہ سیلاب سے متاثرہ آبادی کے لیے خاص طور پر بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کے دوران زیادہ سے زیادہ تعاون کریں۔ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سفیر پاکستان کی زیر صدارت امریکہ میں مقیم مسلم فلاحی تنظیموں کا سہ ماہی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں بحالی اور تعمیر نو کے مراحل کے دوران کمیونٹی کو متحرک کرنے کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔