- فیڈرل بیورو آف پریژن کی آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے صرف اتنا پتا چل سکتا ہے کہ عافیہ اس وقت کہاں ہے؟
- عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کی تحریک کا مقصد عام پاکستانی شہری کی عزت، وقار اور تحفظ کو بحال کرنا ہے
- افواہوں کا مقصد اہلخانہ کو اذیت دینا اور قوم کا مورال ڈائون کرنا ہے ، عوام متحد رہیں،بیان
کراچی (ویب نیوز)
قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وفات سے متعلق بالخصوص سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں غیر تصدیق شدہ اور افواہیں ہیں جن کا مقصد قوم کے حوصلے پست (moral down) کرنا ہے۔ وزارت خارجہ فوری طور پر قوم کو حقائق سے آگاہ کریں۔ڈاکٹر عافیہ کی موت کی افواہ کے بعد عافیہ موومنٹ سیکریٹریٹ سے بڑی تعداد میں لوگوں نے رابطہ کیا اور جھوٹی افواہ پر غم و غصہ کا اظہار اور ڈاکٹر عافیہ کی زندگی، صحت اور جلد رہائی کیلئے دعائیں کی۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ اہلخانہ کا کئی سالوں سے ڈاکٹر عافیہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرنے کا سلسلہ بند کردیا گیا ہے اس لئے ہمارے پاس تصدیق کا براہ راست کوئی ذریعہ نہیں ہے اس لئے حکومت عافیہ کی زندگی، صحت اور خیریت کے بارے میں اہلخانہ اور قوم کو حقائق سے آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی عافیہ کی موت کی افواہیں بالخصوص سوشل میڈیا پر اڑائی جا چکی ہیں جن کا مقصد عافیہ کے اہل خانہ کو ذہنی اذیت دینا، سپورٹرز میں مایوسی پھیلانے اور قوم کا مورال ڈائون کرنے سواکچھ اور نظر نہیں آتا ہے اس لئے قوم متحد رہے۔ انہوں نے کہا عافیہ کے سپورٹرز نے اس ماہ 23 اکتوبر کو امریکہ اور پاکستان بھر میں پرامن احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد ایسی افواہوں کا گردش میں آنا حیران کن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی شخص امریکی حکومت کی فیڈرل بیورو آف پریژن (Federal Bureau of Prisons) کی ویب سائٹ https://www.bop.gov/inmateloc// پر جا کر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا رجسٹر قیدی نمبر inmate no. 90279054 لکھ کر آن لائن معلومات حاصل کر سکتا ہے، جس کے ذریعے صرف اتنا پتا چل سکتا ہے کہ عافیہ اس وقت کہاں ہے؟ ۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کی تحریک کا مقصد عام پاکستانی شہری کی عزت، وقار اور تحفظ کو بحال کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد رہیں اور کسی بھی غیرتصدیق شدہ خبر کو پھیلانے کا باعث نہ بنیں۔