فیک سوشل میڈیا اکائونٹس پر غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں،خط الیکشن کمیشن
اسلام آباد (ویب نیوز)
چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کے نام سے فیک سوشل میڈیا اکائونٹس کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)رائے طاہر کو خط لکھا ہے۔خط میں الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر سے منسوب جعلی سوشل میڈیا اکائونٹس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن نے خط میں لکھا کہ فیک سوشل میڈیا اکائونٹس پر غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں، چیف الیکشن کمشنر سے منسوب تمام سوشل میڈیا اکائونٹس فیک ہیں۔خط میں مزید لکھا گیا کہ فیک سوشل میڈیا اکائونٹس کے خلاف کارروائی کر کے آگاہ کیا جائے۔ گزشتہ روز ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کوئی سوشل میڈیا اکائونٹ نہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ فیک سوشل میڈیا اکائونٹ پر یقین نہ کریں کیونکہ چیف الیکشن کمشنر کا سوشل میڈیا پر کوئی اکائونٹ نہیں ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرکے نام کا اکائونٹ بناکر جھوٹ اور پروپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ہے، یہ سب جعلی اکائونٹس ہیں۔یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے سوشل میڈیا پر جعلی اکائونٹس استعمال کئے جانے لگے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے بعد سوشل میڈیا پر چیف الیکشن کمشنر کیخلاف متعدد جعلی اکائونٹس وائرل ہو رہے ہیں۔