وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا لاہور میں بلیو لائن کامنصوبہ شروع کرنے کا اعلان
بلیو لائن ٹرین ماڈل ٹاؤن،گارڈن ٹاؤن سے چلے گی، داتا صاحب سے پرانے ایئرپورٹ تک جائیگی ،اے ڈی بی سے بات چیت شروع ہے
5نئے ضلع بنائے، لاہورکے تین ضلع بنارہے ہیں ، نئے ضلع میں قصور کا کچھ حصہ بھی شامل کیا جارہا ہے،جسے موٹر وے سے لنک کرینگے
موٹروے قصورسے ہوکرپاکپتن،اوکاڑہ ،بہاولنگر ،بہاولپوراوررحیم یار خان تک جائیگا،پھر اسے سندھ سے لنک کیا جائیگا
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ (سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھادیا
تقریباً4ارب20کر وڑ روپے لاگت آئیگی، آمد و رفت میں آسانی اور وقت کی بچت ہوگی، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا
365میٹر طویل سگنل فری مین بلیوارڈکو 180روز میں تعمیرکیا جائیگا،پنجاب کی ترقی کو نئی سمت ملے گی:سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین
لاہور ( ویب نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ (سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی اور وقت کی بچت ہوگی۔سی بی ڈی بلیوارڈ پرتقریباً4ارب20کر وڑ روپے لاگت آئے گی اوریہ منصوبہ لاہور ہی نہیں بلکہ پنجاب اور پاکستان بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا۔سی بی ڈ ی پنجاب بلیوارڈ منصوبے سے ملکی اورغیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ری ماڈلنگ آف مین بلیوارڈ لبرٹی چوک تا کلمہ چوک کو”سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ”کانام دیاگیاہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ(سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے منصوبے کو ڈویلپ کیا جارہاہے ۔عمران خان چاہتے ہیں کہ سرمایہ کار دبئی کو بھول کر سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں انویسٹ کریں۔عمران خان کے ویژن کے مطابق سی بی ڈی میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو ہر طرح کی سہولتیں دینگے۔سرمایہ کاری سے متعلقہ امور میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروںگا۔وزیراعلیٰ آفس میں سی بی ڈی میں سرمایہ کاری کے امورکو فاسٹ ٹریک پر چلانے کیلئے علیحدہ سیل بنایا جائیگا۔ہماری حکومت پنجاب میں جتنے منصوبے شروع کررہی ہے، اس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔نیت نیک اورٹیم درست ہواورہوم ورک کیا ہو تو بہترین کارکردگی سامنے آتی ہے ۔ ہماری حکومت نے آتے ہی جو کام شروع کیے اب ان کے نتائج آنا شروع ہوچکے ہیں ۔میں نے اپنے سابق دور میں نمبر پلیٹس کو کمپیوٹر ائزڈ کرنے کا پروگرام شروع کیا ۔ اب پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ”گو پنجاب ایپ ”شروع کی ہے اوراس ایپ کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے خدمات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔ شہریوں کو اب ٹوکن ٹیکس،ڈرائیونگ لائسنس،ڈیتھ و برتھ سر ٹیفکیٹ، میرج سر ٹیفکیٹ اوردیگر خدمات کیلئے دفتروں میں نہیں جانا پڑتا۔ ایپ کے ذریعے کسانوں کو بھی آبیانہ و مالیہ کے آن لائن ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے۔ کسانوں کو آبیانہ و مالیہ کیلئے پٹواریوں کے پاس جانے کی ضرورت نہیں۔پراپرٹی ٹرانسفر کی ا شٹام فیس کو2فیصد کے کم کر کے 1فیصد کیا ہے ۔پنجاب میں ملازمتوں پر پابندی کو اٹھا لیا ہے ۔ملازمتوں کی بھرتی کے اشتہارات آرہے ہیں ۔پنجاب میں 5نئے ضلع بنائے ہیں۔ لاہورکے بھی تین نئے ضلع بنارہے ہیں ۔لاہور کے نئے ضلع میں قصور کا کچھ حصہ بھی شامل کیا جارہا ہے اوراسے موٹر وے سے بھی لنک کرینگے۔موٹروے قصورسے ہوکرپاکپتن،اوکاڑہ اوربہاولنگر تک جائے گا۔بہاولنگر سے یہ سڑک بہاولپوراوررحیم یار خان کو ملائے گی اورپھر اس کے ساتھ سندھ کو لنک کیا جائیگا۔انہوںنے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں ۔ہم نے لاہور میں بلیو لائن کامنصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہبازشریف نے اپنے سابق دور میں میرے اس منصوبے کو برباد کیااوراورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ شروع کیا۔بلیو لائن ٹرین ماڈل ٹاؤن،گارڈن ٹاؤن سے چلے گی۔بلیو لائن کو داتا صاحب سے پرانے ایئرپورٹ تک لے کرجائیں گے اور یہ منصوبہ لاہور کیلئے ایک سنگ میل ہوگا۔اس منصوبے کو بی او ٹی کے تحت مکمل کریںگے۔اس حوالے سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے بات چیت شروع ہوچکی ہے ۔آسان شرائط پر2فیصد کی شرح سے قرضہ لیںگے۔انہوںنے کہا کہ لاہورکے شہریوں کی سہولت کیلئے اچھے منصوبے لائے جائیں گے۔عام آدمی کے بچوں کو ملازمتیں بھی ملیںگی۔ہماری حکومت نے بی اے تک تعلیم فری کردی ہے ،اس ضمن میں ورلڈ بینک بھی مدد کررہا ہے ۔عمران خان کے ویژن سے پاکستان ترقی کرے گا۔اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے پر اربوں روپے کی سبسڈی دینا پڑتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف صرف پریس کانفرنس اورباتیں کرتے ہیں ۔عمران خان عملی سیاست کررہے ہیں ۔ شہبازشریف نے کام نہیں کرنا ،صرف باتیں کرنی ہیں یا پھر پیسے مانگنے ہیں ۔سی سی پی او لاہور اچھے آفیسر ہیںاوربہترین کام کررہے ہیں،ہم اچھے آفیسر کو کیوں جانے دیں۔انشاء اللہ عمران خان کو کامیابی ہوگی۔انہوںنے کہاکہ لانگ مارچ کیلئے ہر ضلع میں نئی ٹیم آتی ہے اورلانگ مارچ کے شرکاء گجرات میں بھی قیام کریںگے۔ جب بھی لانگ مارچ ہوئے ہیں مذاکرات تو بیک ڈور پر ہوتے ہیںاوربیک ڈورپر مذاکرات ہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے ک
ی کامیابی کیلئے پنجاب حکومت پورا سپورٹ کرے گی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا کہ 365میٹر طویل سگنل فری مین بلیوارڈکو 180روز میں تعمیرکیا جائیگا۔سی بی ڈی بلیوارڈ سے پنجاب کی ترقی کو نئی سمت ملے گی۔رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد اکرم عثمان،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین، بریگیڈئرریٹائرڈ منصورجنجوعہ،وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈفضیل آصف،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی ایل ڈی اے ،ڈپٹی کمشنرلاہور اورمتعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔