رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 3نومبر،دوسرا مرحلہ 10نومبر سے شروع ہوگا
رائے ونڈ عالمی اجتماع کی حفاظت کیلئے 1500پولیس اہلکار تعینات ،3ایس پیز ڈیوٹی دیں گے
رائے ونڈ(ویب نیوز)
عالمی تبلیغی اجتماع رائے ونڈ کا پہلا مرحلہ 3نومبر،دوسرا مرحلہ 10نومبر سے شروع ہوگا۔رائے ونڈ عالمی اجتماع کی حفاظت کیلئے 1500پولیس اہلکار تعینات ،3ایس پیز ،6ڈی ایس پیز دن رات ڈیوٹی سرانجا م دینگے ،میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اے ایس پی بلال محمود سلہری نے کہا کہ رائے ونڈ عالمی اجتماع کے شرکاء کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے ناظم اجتماع ڈاکٹر ندیم اشرف کیساتھ تفصیلی ملاقات ہو چکی ہے ،اجتماع انتظامیہ کے تعاون سے امسال اجتماع گاہ میں گیس سلنڈر سمیت آتش گیر مادہ لے جانے پر سخت پابندی عائد کردی گئی ہے شرکاء اجتماع قومی شناختی کارڈ ساتھ رکھیں ،امسال اجتماع گاہ کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے 100مختلف مقامات پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جارہے ہیں شرکاء کو واک تھرو گیٹ سے گزارنے کیلئے 30واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں گے ،سفید کپڑوں میں اہلکار پنڈال میں ڈیوٹی سرانجام دینگے ،اجتماع گاہ کو مانیٹر کرنے کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جہاں پولیس اہلکار مشتبہ افراد کی نگرانی کرینگے ،ڈولفن ،پیرو اور ایلیٹ فورس سمیت دیگر ادارے دن رات گشت کرینگے ،اجتماع گاہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے مورچے قائم کئے جارہے ہیں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کی بھاری نفری دن رات ڈیوٹی سرانجام دے گی اے ایس پی بلال محمود سلہری نے مزید کہا کہ رائے ونڈ اجتماع گاہ کو محفوظ بنانے اور شرکاء کی حفاظت کیلئے پنجاب پولیس نے خصوصی اقدامات کئے ہیں ۔