- 2500سے زائد پولیس اہلکار ،2200لٹھ بردار تبلیغی کارکنان سمیت ہزاروں خفیہ والے ڈیوٹی سرانجام دینگے
- تبلیغی اکابرین رائے ونڈ پنڈال پہنچ گئے ،بنگلہ دیش سے علماء اور مبلغین کا وفدبھی رائے ونڈ پہنچ گیا
- اجتماع ایام کے دوران تبلیغی مرکز کو بند کردیا گیا ،تمام کارکنان کو پنڈال میں پہنچنے کی ہدایت
رائے ونڈ (ویب نیوز)
رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع جمعرات سے شروع ہوگا۔ 10لاکھ افراد کے قیام وطعام کے انتظامات مکمل،2500سے زائد پولیس اہلکار ،2200لٹھ بردار تبلیغی کارکنان سمیت ہزاروں خفیہ والے ڈیوٹی سرانجام دینگے ،تبلیغی اکابرین رائے ونڈ پنڈال پہنچ گئے ،بنگلہ دیش سے علماء اور مبلغین کا وفدبھی رائے ونڈ پہنچ گیا ،اجتماع ایام کے دوران تبلیغی مرکز کو بند کردیا گیا ،تمام کارکنان کو پنڈال میں پہنچنے کی ہدایت ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع امسال دو مرحلوں میں منعقد ہورہا ہے پہلا مرحلہ آج (جمعرات )کو بعداز نماز عصر امیر جماعت مولانا نذرالرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہوگا نماز مغرب کے بعد بیانات کا سلسلہ جاری رہیگا ،اجتماع گاہ جانیوالے راستوں پر 150سے زائد کلوز سرکٹ کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں ،غیر ملکی مہمانوں کیلئے حلقہ بیرون قائم کردیا گیا ہے جہاں دس ہزار سے زائد غیر ملکی مہمان پہنچ چکے ہیں ،امسال رائے ونڈ عالمی اجتماع میں 50ہزا ر سے زائد غیر ملکی مہمانوں کی آمد متوقع ہے،پنڈا ل کے اطراف میں ڈولفن ،پیرو اور ایلیٹ فورسز کی گاڑیاں دن رات گشت پر مامور کردی گئی ہیں شرکائے اجتماع کو گیس سلنڈر سمیت آتش گیر مادہ لانے پر سخت پابندی عائد کردی گئی ہے 30واک تھرو گیٹ کے ذریعے پنڈال میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی مختلف مقامات پر پارکنگ کے وسیع انتظامات مکمل ہو چکے ہیں سٹریٹ لائٹ برانچ کی جانب سے روشنی کا انتظام کیا گیا ،ریلوے حکام کی جانب سے آج تمام ٹرینوں کو رائے ونڈ رکنے کا حکم دیدیا گیا ہے تمام ٹرینیں اجتماع ایام میں 5منٹ سٹاپ کرینگے ،فیصل آباد روٹ کی ٹرینیں قراقرم ایکسپریس ،ملت ایکسپریس اجتماع ایام میں خانیوال لاہور سیکشن کے درمیان چلیں گی ،گرین لائن ایکسپریس اجتماع ایام میں رائے ونڈ جنکشن پر 5منٹ رکے گی ،اجتماع کے آخری روز رائے ونڈ سے لاہور شٹل ٹرین چلائی جائیگی،عالمی اجتماع کے پیش نظر محکمہ صحت نے منی ہسپتال قائم کرنے کیساتھ ڈسپنسریاں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ،پنجاب حکومت کے تمام اداروں کے امدادی کیمپ بھی قائم کردئیے گئے ہیں پولیس کی جانب سے مرکزی کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا ہے جہاں شرکائے اجتماع کی نگرانی کی جائیگی ،گزشتہ روز بھارت سے تبلیغی اکابرین کے بعد بدھ کے روز بنگلہ دیش سے مبلغین کا 14رکنی وفد قاری زبیر احمد کی قیادت میں رائے ونڈ پہنچ گیا ہے ،تبلیغی اجتماع میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے عالمی تبلیغی مرکز دس روز کیلئے بند کردیا گیا ہے ،ریلوئے اسٹیشن پر قائم استقبالیہ کیمپ میں غیر ملکی اور پاکستانی مہمانوں کی خاطر تواضع کیلئے مختلف انواع واقسام کے کھانے اور مشروبات تیار کئے جاچکے ہیں ،مقامی احباب کی جانب سے پلیٹ فارم نمبر 1پر استقبالیہ کارکنان دن رات ڈیوٹی دینگے ،عالمی اجتماع میں سیکورٹی کے نظام کو فول پروف بنانے کیلئے 2500سے زائد پولیس اہلکار ،2200سے زائد لٹھ بردار تبلیغی کارکنان سمیت سینکڑوں خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے ،اجتماع گاہ کے داخلی و خارجی راستوں پر کلو ز سرکٹ کیمروں کے علاوہ مورچے قائم کردئیے گئے ہیں ،جبکہ تبلیغی اکابرین کی ہدایت پر حفاظ اکرام کی جماعتیں اجتماع گاہ کے اردگرد سورة یاسین کی تلاوت پر مامور ہونگی ،شرکاء کو تیار کھانا مہیا کرنے کیلئے مختلف مقامات پر کنٹین قائم کردی گئی ہیں جہاں نماز کے اوقات کے علاوہ سستاکھانا دستیاب ہوگا ،اجتماع کے پہلے روز 2لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔