سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ نے گندم کے ذخائر کی پوزیشن کے حوالے سے بریفنگ دی
لاہور (ویب نیوز)
وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے پنجاب میں گندم کا روزانہ کا کوٹہ بڑھانے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم کا پہلا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران گندم کے موجود ذخائر اور درکار ضروریات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پنجاب میں گندم کا روزانہ کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی منظوری وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی نے دی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے زیادہ پیداوار دینے والے بیج بونے کے لئے بھرپور آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی، اس ضمن میں کاشتکاروں کی آگاہی کے لئے موثر انداز سے مہم چلانے کا بھی حکم دیا۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب کو گندم میں خود کفیل بنائیں گے، 2008 میں جب میں نے وزارت اعلیٰ کا منصب چھوڑا تو محکمہ خوراک کے ذمہ کوئی قرض نہیں تھا، میرے سابقہ دور میں پنجاب سرپلس صوبہ تھا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی نااہلی سے قرضوں کا بوجھ بڑھتا چلا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کی نالائقی سے سرپلس صوبہ قرضوں کے گرداب میں پھنس گیا، انشااللہ پنجاب کے محکمہ خوراک کو دوبارہ مضبوط بنائیں گے اور قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ نے گندم کے ذخائر کی پوزیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔