وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کا تیسرا اجلاس ، عمران خان اور دیگر رہنمائوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت
عمران خان کیساتھ مکمل یکجہتی کااظہاراور جلد صحت یابی کیلئے دعا ، شہید کارکن معظم گوندل کے درجات کی بلندی کے لئے دعا
وزیراعلیٰ کا شہید کارکن معظم گوندل کے اہل خانہ کے لئے 50لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان
حملہ آور کو جرات سے پکڑنے والے کارکن ابتسام کے لئے 25لاکھ روپے کا خصوصی انعام کااعلان
ملزم کا بیان محض ڈرامہ ہے ،معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے، تحقیقات میں اصل محرکات سامنے لائے جائیںگے:چودھری پرویزالٰہی
شاہدرہ میں فلائی اوور تعمیر کرنے،لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ فاصلے کی بنیاد پر مقرر کرنے کی منظوری
کفایت شعاری اقدامات کی منظوری ،بیرون ملک علاج ،ہوائی سفر ،سرکاری خرچ پر لگژری ہوٹلوں میں سیمینار زکے انعقاد پر پابندی
برفباری کے دوران مری ایکشن پلان کی منظور ی،ریسکیو1122 کی خالی آسامیوں پر فوری بھرتی اور ایک ارب مختص کرنے کی منظوری
لاہور ( ویب نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا تیسرا اجلاس منعقدہوا، پنجاب کابینہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور دیگر رہنمائوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔پنجاب کابینہ نے عمران خان اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی، صوبائی وزراء اور معاونین خصوصی نے عمران خان اور دیگر رہنمائوں نے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔پنجا ب کا بینہ کے اجلاس میں حملہ آور کی فائرنگ سے شہید کارکن معظم گوندل کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے شہید کارکن معظم گوندل کے اہل خانہ کے لئے 50لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیاجبکہ حملہ آور کو جرات سے پکڑنے والے کارکن ابتسام کے لئے 25لاکھ روپے کا خصوصی انعام کااعلان کیاگیا۔چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ملزم کا بیان محض ڈرامہ ہے ،معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے۔اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ عمران خان اور دیگر رفقاء محفوظ رہے۔ تحقیقات میں اصل محرکات سامنے لائے جائیںگے۔ ملزم کی ویڈیولیک کرنے والے پورے تھانے کو معطل کر کے عملے کے فون ضبط کر لئے ہیں اورموبائل فونز کا فرانزک آڈٹ ہورہاہے ، رابطہ کاروں کا جلد پتہ چل جائے گا۔کابینہ نے فائرنگ کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کابینہ کو انکوائری کی ابتدائی رپورٹ پیش کی ۔کابینہ اجلاس میں طویل ترین ایجنڈے کی منظوری دی گئی،90 سے زائد ایجنڈا نکات منظور کئے گئے۔اجلاس میں لاہور کے مقام شاہدرہ میں فلائی اوور تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی جبکہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ فاصلے کی بنیاد پر مقرر کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کادائرہ کار پنجاب بھر تک بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا اورلاہور میں چلنے والی بسوں کا روٹ مریدکے تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔ رواں مالی سال میں سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے کفایت شعاری کے اقدامات کی منظوری دی گئی،جس کے تحت سرکاری ملازمین کے لئے بیرون ملک علاج اورہوائی سفر پر پابندی ہوگی۔سرکاری خرچ پر لگژری ہوٹلوں میں ورکشاپس اور سیمینار زکے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی۔پنجاب میں بنائے گئے نئے اضلاع میں ڈسٹرکٹ پولیس دفاترکیلئے نئی آسامیوں کی منظوری دے دی ۔پنجاب پولیس میں کانسٹیبل/ ٹریفک اسسٹنٹ کی بھرتیوں کیلئے محکمانہ تحریری امتحان لینے کا فیصلہ کیاگیا۔سپیشل برانچ میں ٹیکنیکل کیڈر 226 آسامیوںپر بھرتیوں اورمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، محکمہ داخلہ کے کنٹریکٹ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اینڈ سپرنٹنڈنٹس (تقرری برائے ترقی) سروس رولز 2020 میں ترامیم کی منظوری دی گئی،جس کے تحت پولیس کے ٹیکنیکل کیڈرکے ڈی ایس پیز کی ترقی کے لئے فیلڈ پوسٹنگ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے ریگولر میڈیکل آفیسرز و وومن میڈیکل آفیسرزکی سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ٹرانسفر پالیسی اور پنجاب فنانشل مینجمنٹ ایکٹ 2022 اورپنجاب پنشن ریفارمز 2022 کی منظوری دی گئی۔جلو پارک کے قریب سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر میں کائونٹر ٹیررازم ٹریننگ سکول کے قیام کی منظوری دی گئی۔پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کوکسی سبسڈی کے بغیر اضافی چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دینے کافیصلہ کیاگیا۔پنجاب کابینہ نے حالیہ سیلاب کے دوران متاثر ہونے والے افراد کی مالی امداد کیلئے پیکیج کی منظوری دی۔پنجاب کابینہ نے مری، کوٹ ادو، تلہ گنگ اور وزیر آباد کو ضلع بنانے کے فیصلے کی توثیق کی اورعلی پور چٹھہ کو تحصیل بنانے کی منظوری دی۔مری میں موسم سرما میں برفباری کے دوران ایکشن پلان کی منظور ی دی۔ریسکیو1122 کی خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کا فیصلہ کیاگیا اور مری ایکشن پر عملدرآمد کے لئے ایک ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ پریژنرز پروبیشنل ریلیز ایکٹ 1926 کی دفعہ 2 کے تحت قیدیوں کو رہا کرنے کے اختیار کی منظوری دے دی۔ اچھے اطوار کا مظاہرہ کرنے والے قیدیوں کی رہائی کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری لیول بورڈ وزیراعلیٰ کو سفارشات پیش کرے گا۔عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال گجرات میں 148 بستروں کے نئے بلاک کیلئے آسامیوں اورپاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کی از سر نو تشکیل کی منظوری دی گئی۔یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور کیلئے قائم مقام وائس چانسلر کی تقرری اورڈینگی کی روک تھام خصوصاً لاروا سائیڈنگ، فوگنگ اور آئی آر ایس رپورٹنگ سسٹم کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ملازمین ،محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے ملازمین اورآئی آر ایم این سی ایچ اور نیوٹریشن پروگرام فیز 2 کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔پنجاب سمال انڈسٹریز کو پنشن کے واجب الادا بل کی ادائیگی کیلئے 200 ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ دینے کا فیصلہ کیاگیا۔متحدہ علماء بورڈ پنجاب ایکٹ 2022 کے مسودے اورپنجاب وقف املاک (اکائونٹس) رولز 1982 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے یکساں سرچ کمیٹی کی تشکیل اورچیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کی تقرری کی منظوری دی گئی۔سسٹین ایبل لینڈ مینجمنٹ پروگرام کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو منظور شدہ خالی آسامیو ںپر بھرتی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیاگیا۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے اداروں میں رہائش پذیر افراد کیلئے کھانے کا معیار بہتربنانے کیلئے فنڈز میں اضافے کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے مختلف امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کے علاج کے لئے امدادی رقوم کی منظوری دی۔صوبائی وزرائ، مشیران ، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس او راعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی
#/S