چیئرمین سینیٹ کا اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پرمشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان…اعظم سواتی خود اوراہلیہ تہجد گزار ہیں، ان کی اہلیہ ماں کا درجہ رکھتی ہیں: صادق سنجرانی
اسلام آباد (ویب نیوز)
ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر موجود سینیٹر اعظم سواتی کی وڈیو کا فرانزک تجزیہ مکمل کرنے کے بعد ویڈیو کو جعلی قرار دیدیا ہے۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کاکہنا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق وڈیو کا فریم ٹو فریم فرانزک تجزیہ کیا،مختلف وڈیو کلپس کو جوڑ کر ایک کلپ بنایا گیا،ویڈیو میں موجود چہروں کو فوٹو شاپ کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق سینیٹر اعظم سواتی کی پریس کانفرنس میں الزامات کی مفصل تفتیش کی ضرورت ہے،سینیٹر اعظم سواتی مکمل تحقیقات کے لیے ایف آئی اے میں شکایات درج کرائیں اور وجوہات بتائیں جس کے تحت وہ یہ سمجھتے ہیں کہ وڈیو اصلی ہے۔ایف آئی اے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں وڈیو جعلی، ڈیپ فیک ٹولز کا استعمال کرکے تیار کی گئی، قابل احترام سینیٹر کی عزت کو اچھالا گیا۔
سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے سینیٹر اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی رہنماوں پرمشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کردیا۔اپنے بیان میں صادق سنجرانی کا کہنا تھاکہ سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے، ان کے انکشاف سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی۔انہوں نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت کے مالک ہیں، سینیٹر اعظم سواتی کوکوئٹہ بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش دی، بطور مسلمان اور بلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھاکہ سینیٹر اعظم سواتی ایوان کے باعزت رکن ہیں، ان کی تکالیف کا ادراک ہے، اعظم سواتی خود اوراہلیہ تہجد گزار ہیں، ان کی اہلیہ ماں کا درجہ رکھتی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ اعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر سینیٹ کی کمیٹی بنائی جارہی ہے، پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہونگے، کمیٹی اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لیکر رپورٹ دے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ مرتب کر کے ایوان میں پیش کرے گی۔خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو جعلی قرار دے دی ہے ۔۔
#/S