حکومت  مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔ ڈاکٹر عارف علوی

لاہور (ویب نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے شوکت خانم ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی عیادت کی جو3 نومبر2022 کو وزیر آباد کے قریب لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہو گئے تھے۔ ہفتہ کو ایوان صدر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت اور خاتون اول نے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وہ تقریبا تین گھنٹے تک عمران خان کے ساتھ رہے۔اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان ایک بڑے بحران سے بچ گیا ہے۔ صدر مملکت اور چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک کی مخدوش سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت نے ایک بار پھر عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شہری کے آئینی بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے جس میں پرامن احتجاج کا حق، جان و مال کی حفاظت اور آزادی اظہار رائے کا حق شامل ہے۔ صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے سیاسی مقاصد کو آگے بڑھانا چاہیے اور بات چیت، گفت و شنید، مشاورت اور غور و فکر کے جمہوری ذرائع کی حدود میں مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے ایک بار پھر اپنی ذاتی حیثیت میں اہم مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ثالثی کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔