مقدمے میں اقدام دفعہ 302، 324 کے ساتھ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں،رپورٹ
لاہور (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملے کے اندراجِ مقدمہ کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی۔ منگل کو انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس فیصل شاہکار نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران حملے کا مقدمہ درج کرنے کی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کروادی۔آئی جی پنجاب کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کی روشنی میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ قاتلانہ حملے کے مقدمے میں اقدام دفعہ 302، 324 کے ساتھ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ وزیر آباد کے سٹی پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں رپورٹ جمع کرائی ۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کو 24 گھنٹوں میں عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے اندراج کی رپورٹ طلب کی تھی۔