رائیونڈ (ویب نیوز)
رائیونڈ میں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج 10نومبر بعد نما ز عصر امیر جماعت مولانا نذر الرحمان کے بیان سے شروع ہو گیا ہے، جو13نومبر بروز اتوارصبح8بجے رقت امیز دعاکے ساتھ اختتام پذیر ہوجائے گا ، ضلعی انتظامیہ نے تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اجتماع میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شرکت کرینگے، پنڈال میں دعوت تبلیغ کے بنیادی مقصد نبی کی محنت کے لیئے لوگوں کو دین پر تیار کرنا اور دین کی دل میں طلب رکھنے والے اہل ایمان والوں کو تیار کرنا ہے۔امیر جماعت مولانا نذر الرحمان نے افتتاحی بیان میں کہا کہ امت کی مشکلات کا سبب اللہ تعالی کے احکامات سے رد گردانی ہے،دنیا فانی کی بجائے ابدی زندگی کی فکر کرو دنیا کی بجائے آخرت کے لیئے کچھ اکٹھا کرلو کل قیامت والے دن اللہ کو کیا جواب دوگے ،انسان ما ںکے پیٹ سے آیا ہے اور قبر کی طرف تیزی سے دوڑ رہا ہے قبر میں بہت اند ھیرا ہے اور روشنی کے لیئے نماز کی اشد ضرورت ہے۔ نمازی خود بھی بن جاؤ اور اپنے اہل خانہ کو بھی نمازی بناؤ اور پھر پڑوسیوں اور پھر گلی محلوں کے بعد شہر شہر اس نیک کام کو اپنا مشن بناؤ یہ ہمار ے آقا محمدۖ کا مشن ہے۔ اس مشن میں ہی ہماری نجات ہے، آج بھی لاکھوں مسلمان صر ف نام کے مسلمان ہیں ان کوپکا اور سچا مسلمان بنانے کا مشن تبلیغی جماعت کا ہے آؤ اس قافلے میں شریک ہوکر اپنا کلمہ بھی سیدھا کرو اور دوسروں کا بھی کلمہ سیدھا کراؤ اللہ تم پر راضی ہو جائے گا تو آپ کی سب مشکلیں آسان ہو جائیں گی، بعد نماز مغرب مولاناابراحیم دیولہ بیان فرمائیں گے، بعد نماز فجر مولانا عبدالرحمان بمبئی والے خطاب فرمائیں گے۔