لاہور (ویب نیوز)
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ مشکل میں آتے ہیں تو لندن بھاگ جاتے ہیں اور مفرور الیکشن ہارنے کے خوف سے الیکشن نہیں کروارہا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امید تھی پاکستان فائنل جیتے گا لیکن میچ میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے ، خوشی ہے کہ پاکستانی ٹیم نے میچ میں جان ماری ، ٹیم کو فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ 7 ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں اور جو معیشت کو تباہ کرتے ہیں، وہ ٹھیک نہیں کرسکتے جب کہ مسئلہ لندن میں پھنسا ہوا ہے اور مفرور الیکشن ہارنے کے خوف سے الیکشن نہیں کروارہا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ان کا لانگ مارچ این آر او کے لیے تھا اور ہمارے دور میں انہوں نے 3 لانگ مارچ کیے جن میں سے ایک تو اسلام آباد تک بھی نہیں پہنچ سکا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل میں آتے ہیں تو یہ لندن بھاگ جاتے ہیں، یہ 30 سال سے ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جارہے ہیں، قوم نے ان کو مسترد کردیا ہے ، قوم سمجھتی ہے کہ جو تجربہ کیا گیا وہ ناکام ہوچکا ہے۔