صحافی ارشد شریف کو منظم منصوبہ بندی سے قتل کیا گیا، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف
کیس میں کئی غیرملکی کرداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے،خرم اور وقارمطلوبہ معلومات دینے سے ہچکچا رہے ہیں،رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع
اسلام آباد( ویب نیوز)
سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو جمع کرا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ارشد شریف کا قتل بظاہر شناخت کی غلطی نہیں لگتی بلکہ منظم منصوبہ بندی سے کیا گیا واقعہ لگتا ہے۔رپورٹ کے مطابق کیس میں کئی غیرملکی کرداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ ارشد شریف کے کینیا میں میزبان خرم اور وقار کا کردار اہم اور مزید تحقیق طلب ہے مگر دونوں افراد مطلوبہ معلومات دینے سے ہچکچا رہے ہیں۔ رپورٹ کے متن کے مطابق ایک درجن کے قریب اہم کردار ارشد شریف سے مستقل رابطے میں تھے، یہ کردار پاکستان، دبئی، کینیا میں مقتول کے ساتھ رابطے میں تھے۔ذرائع کے مطابق پاکستان مشن دبئی کے افسران کے بیانات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں جس میں دبئی مشن ویزا افسر ارسلان ستی کا اہم بیان شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سینئرصحافی ارشد شریف قتل کیس میں تحقیقاتی ٹیم اپنی تحقیقات جاری رکھے گی۔