شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،5 دہشت گرد ہلاک،ایک جوان شہید

25 سالہ سپاہی ناصرخان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، آئی ایس پی آر

راولپنڈی ( ویب  نیوز)

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی  فورسز کا دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، جنوبی وزیرستان کا 25 سالہ سپاہی ناصرخان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز  نے شمالی وزیرستان کے علاقے جھلر الگاد میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران جنوبی وزیرستان کا 25 سالی سپاہی ناصر خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا۔ علاقے سے ممکنہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔