خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید
 پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی پراکسیوں کی طرف سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب  نیوز)

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں آپریشن کے دوران 5 بھارتی حمائت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی جہاں  2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خوارج نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کردیا، اس دوران 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے سپاہی فرہاد علی طوری اور لانس نائیک صابر آفریدی نے جام شہادت نوش کیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشتگرد کو ہلاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کیے جارہے ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی پراکسیوں کی طرف سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں