اسلام آباد (ویب نیوز)
سپریم کورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تحریری حکمنامے میں خصوصی جے آئی ٹی سے جنوری کے پہلے ہفتے میں پیشرفت رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ رپورٹ کا کھلی عدالت میں جائزہ لیا جائے گا۔تحریری حکمنامے کے مطابق جے آئی ٹی تواترکے ساتھ پیشرفت رپورٹ ججز کو چیمبر میں بھی فراہم کرے۔حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ جے آئی ٹی کیساتھ فنڈز سمیت ہر ممکن تعاون کرے۔ متن کے مطابق خصوصی جے آئی ٹی کو کام میں رکاوٹ آئے تو چیف جسٹس کو تحریری درخواست دے۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ نے اپنی رپورٹ میں تحقیقات کے حوالے سے کئی تجاویز دی ہیں، جے آئی ٹی تحقیقات میں تمام پہلوئوں کا جائزہ لے۔ ازخود نوٹس کی آئندہ سماعت جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔