عام انتخابات ہی تمام مسائل کا واحد حل ہیں، کارکن الیکشن کی تیاری کریں،عمران خان

وائٹ کالر کرائم پکڑنا پہلے ہی مشکل تھا، نیب قوانین میں ترامیم سے اب ناممکن ہوگیا ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کا ویڈیو پیغام

لاہور (ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چور اقتدار پر قابض ہیں، عام انتخابات ہی تمام مسائل کا واحد حل ہیں، کارکن الیکشن کی تیاری کریں، مافیاز کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔اپنے ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک تباہ اس وقت ہوتا ہے جب طاقتور اربوں روپے کی چوری کرتا ہے اور ملک کا پیسہ بیرون ملک بھجوا دیتے ہیں جس سے ملک کمزور ہوجاتا ہے، وائٹ کالر کرائم پکڑنا پہلے ہی مشکل تھا، نیب قوانین میں ترمیم سے اب ناممکن ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہی چور دوبارہ حکومت میں آکر بیٹھ گئے ہیں اور خود کو چوری کا لائسنس دے دیا، جب تک ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ملک تب ترقی کرے گا جب قانونی کی حکمرانی ہوگی، بڑی کرپشن نہیں پکڑیں گے تب تک ملک خوشحال نہیں ہو سکتا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر سال 1700 ارب ڈالر آف شور اکائونٹ کے ذریعے بیرون ممالک جاتے ہیں، اشرافیہ کی کرپشن سے ملک غریب ہو جاتے ہیں، اور کرنسی کمزور ہونے سے ملک میں غربت آتی ہے۔