کابل (ویب نیوز)
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں غیرملکیوں کے گیسٹ ہائوس کے قریب دھماکا اور فائرنگ ہوئی ہے۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کچھ دیر فائرنگ کے تبادلے کے بعد تینوں حملہ آوروں کو مار دیا گیا۔ عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق دھماکے اور فائرنگ ایسے گیسٹ ہائوس کے قریب سنی گئیں جو کاروبار کے لیے آنے والے چینی سیاحوں میں مقبول ہے۔رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کی صحیح تعداد فی الحال معلوم نہیں، تاہم ان کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ۔عالمی میڈیا نے افغان صحافیوں کے حوالے سے لکھا کہ کابل میں چین کے گیسٹ ہائوس پر بظاہر دولت اسلامیہ کے حملے میں زخمی ہونے والے طالبان جنگجو وقوعے سے جا رہے ہیں۔ گیسٹ ہائوس میں چند دن قبل بڑی تعداد میں چینی شہری آئے تھے۔طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ہوٹل حملے میں دو غیرملکی زخمی ہوئے ہیں، کسی غیر ملکی کی ہلاکت نہیں ہوئی، دونوں زخمی غیرملکی ہوٹل کی بالکونی سے نیچے کودنے پر زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق کابل کے علاقے شہرِنو میں حملہ آوروں نے ہوٹل کے نزدیک دھماکا کیا اور پھر ہوٹل میں داخل ہونے کے بعد فائرنگ کی۔حملے میں ہوٹل کی ایک منزل پر آگ بھی لگ گئی۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کچھ دیر فائرنگ کے تبادلے کے بعد تینوں حملہ آوروں کو مار دیا گیا، ہوٹل میں چینی باشندے اور دیگر غیرملکی قیام کرتے ہیں۔خیال رہے کہ طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد سے چین کے کاروباری افراد کی ایک قابل ذکر تعداد افغانستان آ رہی ہے اور بیجنگ سرکاری طور پر اس حکومت کو تسلیم نہ کرنے کے باوجود اپنا مکمل سفارت خانہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔