عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کا اجلاس، پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی توڑنے کا فیصلہ

دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہوگی، پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی دوبارہ ایوان میں پیش ہوکر استعفے دیں گے

پی ٹی آئی کی ملک بھر میں جاری احتجاجی تحریک کو انتخابی مہم میں بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا

لاہور(ویب  نیوز)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت راولپنڈی کے ارکان اسمبلی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے استعفوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرے گی  اور پی ٹی آئی کے تمام ارکان قومی اسمبلی دوبارہ ایوان میں پیش ہوکر استعفے دیں گے، جب کہ دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہوگی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کی ملک بھر میں جاری احتجاجی تحریک کو انتخابی مہم میں بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں پی ٹی آئی کی امانت ہیں، اور باقاعدہ طور پر عمران خان کی زیر قیادت انتخابی مہم میں جائیں گے۔  اس سے قبل خبر تھی کہ تحریک انصاف کی اعلی قیادت اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پربٹ گئی ہے، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان فوری فیصلہ کرنے سے کترا رہے ہیں، اور انہوں نے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر پارٹی کے اندر دو رائے پاہی جارہی ہیں، پارٹی کے چند رہنما اس حق میں ہیں کہ پنجاب اور خیبرپختون خوا اسمبلیاں ایک ساتھ توڑ کر وفاقی حکومت پر دبائو بڑھایا جائے، تاہم اس تجویر پر پارٹی کے اہم رہنمائوں نے ایک وقت میں ایک اسمبلی تحلیل کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق رہنماوں کی اکثریت نے پہلے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی رائے دیتے ہوئے کہا ہے خیبرپختونخوا اسمبلی کواگلے مرحلے میں تحلیل کیا جائے، اور پنجاب اسمبلی تحلیل کرکے وفاقی حکومت کے ردعمل کا انتظار کیا جائے۔  رہنمایوں نے موقف پیش کیا ہے کہ سیاسی اعتبار سے ہماری ایک صوبے میں حکومت ہرصورت رہنی چاہیے۔ رہنمائوں کی رائے پرعمران خاں نے مزید مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے۔