عوام کیلئے ریلیف، وزیرخزانہ کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
پیٹرول، لائٹ ڈیزل،مٹی کا تیل 10،10روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی لیٹر کمی کر دی، اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(ویب نیوز)
حکومت کا عوام کو ریلیف، پیٹرول دس، ہائی اسپیڈ ڈیزل ساڑھے سات اور مٹی کے تیل کی قیمت میں دس روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی۔ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے کی کمی گئی ہے جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول 214 روپے 80 میں دستیاب ہوگا۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 7 روپے کمی کے بعد 227 روپے 80 پیسے ہو جائے گی جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے کمی کے بعد 171 روپے 83 کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10روپے کمی ہوگی، لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 169روپے ہوگی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہو گیا۔