لاہور (ویب  نیوز)

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاست میں دروازے نہیں بند کیے جا سکتے، اگر مذاکرات میں کامیابی ہونی ہے تو یہی ہفتہ ہے اور آگے بڑھا جائے۔ سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے زمان پارک لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  شیخ ر شید نے کہا کہ خان صاحب سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات ہوئی۔ عمران خان 17 دسمبر کو رات 8 بجے قوم سے خطاب کریں گے اور مجھے پوری امید ہے عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور سپریم کورٹ سے پوری امید ہے غیر آئینی حکومت پر ٹوکرا رکھا جائے گا۔ سپریم کورٹ سے درخواست ہے نیب کیسز ختم کرانے والوں کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ معیشت قومی ضمانت ہوتی ہے اور کوئی ملک معاشی استحکام کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔ یہ عمران خان کو نااہل کر کے نگراں حکومت کی مدت بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ان کی بات کبھی نہیں مانیں گے اور عمران خان سادہ اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔ ملک تکنیکی طور پر ڈیفالٹ کر چکا ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ان کے پاس پیسے نہیں ہیں اور ملکی حالات خراب ہو رہے ہیں۔ چمن بارڈر پر صورتحال بہت خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں دروازے نہیں بند کیے جا سکتے اور سیاسی عدم استحکام ملک کی معاشی موت ہے۔ عمران خان نے کہا ہے وہ 17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔ اگر مذاکرات میں کامیابی ہونی ہے تو یہی ہفتہ ہے اور آگے بڑھا جائے جبکہ ہم مذاکرات سے انکاری نہیں ہیں۔ عمران خان کے پاس اسمبلی توڑنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔