درخواست میں جتنی غیر قانونی تعمیرات کاذکر ہے ان کے خلاف کارروائی کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے، عدالت
کراچی (ویب نیوز)
سندھ ہائی کورٹ نے گلشن اقبال کراچی میں قائم تمام غیر قانونی تعمیرات 30روز میں گرانے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں جمعہ کے روز کراچی کے علاقہ گلشن اقبال بلاک فور میں قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلا ف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایس بی سی اے پر سخت برہمی کااظہار کیا اورکہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود اب تک کاروائی کیوں نہیں کی گئی۔ عدالت نے رپورٹ طلب کررکھی تھی تاہم کوئی رپورٹ بھی پیش نہ کی جاسکی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ڈی جی ایس بی سی اے عدالتی احکامات کے باوجود کیوں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے کہا کہ اس کیس میں بھی انکوائری کمیٹی بنادی گئی ہے تواس حوالہ سے عدالت کوآگاہ کیا جائے اور بتایا جائے کہ کون ساافسر غیر قانونی تعمیرات میںملوث ہے۔ جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ ہر کیس میں آپ انکوائری کمیٹیاں ہی بناتے رہتے ہیں ، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اب تک کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ درخواست میں جتنی غیر قانونی تعمیرات کاذکر ہے ان کے خلاف کارروائی کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے۔