لاہور (ویب نیوز)
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف کی تفصیلات طلب کر لیں۔ لاہورہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو توشہ خانہ سے تحائف خریداری کی تفصیلات16جنوری کوپیش کرنے کاحکم دیا ہے۔ جبکہ وفاقی حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف کی تفصیلات عدالت میں پیش نہیں کی جاسکتیں۔تاہم عدالت نے ہدایت کی ہے توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف کی تفصیلات پیش کی جائیں یہ عدالت طے کرے گی کہ یہ خفیہ ہیں نہیں۔ جسٹس عاصم حفیظ کے روبرو اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مئوقف اختیار کیا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک توشہ خانہ سے تحائف خریدنے والوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں، اس حوالہ سے وفاقی حکومت کو متعدد درخواستیںدیں مگر شنوائی نہ ہو سکی۔ا س پر عدالت میںموجود وفاقی حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے تحائف خریدنے والوںکی تفصیلات پبلک نہیں کی جاسکتیں اور نہ ہی عدالت میںپیش کی جاسکتی ہیں۔ اس پر جسٹس عاصم حفیظ کا کہنا تھا کہ جب کوئی شخص توشہ خانہ سے تحائف خریدتا ہے توانہیں ٹیکس ریٹرنز میںبھی ظاہر کرنا پڑتا ہے اور جب معاملہ ٹیکس ریٹرن میںظاہر ہو جائے تو پھر یہ خفیہ کیسے رہ سکتا ہے، عدالت نے کہا کہ آپ تمام تفصیلات عدالت میںپیش کریں عدالت فیصلہ کرے گی کہ اس کو خفیہ رکھنا ہے یا نہیں رکھنا۔عدالت نے وفاقی حکومت کو توشہ خانہ سے تحائف خریدنے والوں کی مکمل 16جنوری کوپیش کرنیکاحکم دیا ہے۔