لاہورہائیکورٹ،( ن) لیگ کے 18معطل ارکان کوآج (بدھ کو) پنجاب اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت مل گئی
ووٹنگ ہوئی تواراکین اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں، ایم پی ایز اپنے حلقوں کی نمائندگی کرتے ہیں، ووٹ کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا،عدالت کا مختصر فیصلہ
درخواست ناقابل سماعت ہے اورجو پابندی لگائی گئی ہے وہ بالکل قانون کے مطابق لگائی گئی،وکیل سپیکرپنجاب اسمبلی
گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو اعتما د کاووٹ لینے کا کہا ہے،وکیل ن لیگ
لاہور( ویب نیوز)
لاہور ہائی کورٹ نے( ن) لیگ کے 18معطل ارکان پنجاب اسمبلی کوآج (بدھ کو)ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ اگر ووٹنگ ہوئی تواراکین اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔عدالت کی جانب سے مختصر فیصلہ سنایا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کی جانب سے (ن)لیگ کے 18اراکین پنجاب اسمبلی پر پنجاب اسمبلی کے سیشن میں شرکت پر پابندی لگائی گئی تھی۔ ایم پی ایز کی جانب سے حکم کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے دورکنی بینچ نے سنایا۔بینچ جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس رسال حسن سید پر مشتمل تھا۔ (ن)لیگی رہنما رانا مشہود احمد خان، صبا صادق اور سمیع اللہ چوہدری سمیت دیگر ایم پی یز کی جانب سے پابندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کے وکیل کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا تھا کہ درخواست ناقابل سماعت ہے اورجو پابندی لگائی گئی ہے وہ بالکل قانون کے مطابق لگائی گئی ہے۔ جبکہ (ن)لیگی وکلاء کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا تھا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اراکین کے 15اجلاسوں میں شرکت پر پابندی لگارکھی ہے، یہ پابندی غیر قانونی طورپر لگائی گئی، ایم پی ایز اپنے حلقوںکی نمائندگی کرتے ہیں اوران کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔(ن)لیگ کے وکلاء منظور عثمان اوررانا اسد کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو اعتما د کاووٹ لینے کا کہا ہے اوراس حوالے سے آج (بدھ)کے روز پنجاب اسمبلی کااجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ جسٹس شاہد بلال حسن کا کہنا تھا کہ مرکزی درخواستوں پر فیصلہ بعد میں سنائیں گے تاہم اس نکتہ پر عدالت پہلے فیصلہ سنائے گی کہ معطل اراکین آج (بدھ)کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کرسکتے ہیں یا نہیں۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوے 18(ن)لیگی ایم پی ایز کو آج (بدھ)کے روز پنجاب اسمبلی کے ہونے والے سیشن میں شرکت کی اجازت دے دی ہے اور قراردیا ہے کہ اگر ووٹنگ ہوتی ہے تویہ اراکین اپنا ووٹ بھی ڈال سکیں گے۔