بھارت خطے میں دہشتگردوں کی پشت پناہی،تخریبی کارروائیوں کیلئے مالی معاونت کررہا ہے، پاکستان
بھارت بات چیت کیلئے موزوں ماحول پیدا کرے ، تمام تنازعات مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں
وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے متعلق جامع بیان دیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا
بھارت میں تیزی سے بڑھتی مذہبی انتہا پسندی پر شدید تشویش ہے،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دئیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا
افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر پابندی ناقابل قبول ہے،طالبان عورتوں کی تعلیم پر پابندی کا فیصلہ فوری واپس لیں
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات ہوئی ، جی77سمٹ میں ترقی پذیر ممالک کے مسائل پر بات کی
وزیر خارجہ نے سیلاب کے بعد بحالی کے کاموں سے بھی آگاہ کیا ہے اور وہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق دنیا کو آگاہ کررہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ کی پریس بریفنگ
اسلام آباد( ویب نیوز)
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت ، پاکستان سمیت پورے خطے میں دہشتگردوں کی پشت پناہی اور تخریبی کارروائیوں کے لئے مالی معاونت کررہا ہے،بھارت میں تیزی سے بڑھتی مذہبی انتہا پسندی پر شدید تشویش ہے،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دئیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، بھارت بات چیت کیلئے موزوں ماحول پیدا کرے ، تمام تنازعات مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں،افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر پابندی ناقابل قبول ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارت پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کیلئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتا ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی پر پاکستان نے ڈوزیئر تیار کیا ، بھارت بات چیت کیلئے موزوں ماحول پیدا کرے ، پاک بھارت تمام تنازعات بات چیت سے حل ہونے چاہئیں ۔ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے متعلق جامع بیان دیا ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی تدفین میں بھارتی فورسز نے مشکلات پیدا کی تھیں، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر پابندی ناقابل قبول ہے کیونکہ پابندی اسلامی اقدار اور قرآنی تعلیمات کے برخلاف ہے لہذا طالبان عورتوں کی تعلیم پر پابندی کا فیصلہ فوری واپس لیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اس وقت امریکا کے دورے پر موجود وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے امریکا میں تھنک ٹینک ممبران سے بھی ملاقاتیں کیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات ہوئی ، جی77سمٹ میں بلاول بھٹو نے ترقی پذیر ممالک کے مسائل پر بات کی، وزیر خارجہ نے سیلاب کے بعد بحالی کے کاموں سے بھی آگاہ کیا ہے اور وہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق دنیا کو آگاہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 6 ماہ میں 16 ممالک کے دورے کیے، انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے دورے کیے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سوئٹزرلینڈ، ترکیہ، ازبکستان، کمبوڈیا، امریکا، جرمنی، چین، مصر، انڈونیشیا اور سنگاپور کے دورے کیے۔