پشاور (ویب نیوز)
صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ ملکہ کوہسار مری ا ور نتھیا گلی میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچنا شروع ہو گئی ۔ملکہ کوہسار مری، نتھیاگلی اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری گزشتہ روز شروع ہو گئی جس کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد نے مری اور نتھیاگلی کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے ۔سیاحوں کے مطابق انہیں اس بار برف باری کا طویل انتظار کرنا پڑا ۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومت پشاور میں بوندا باندی کی وجہ سے اچانک سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ دھند میں بھی اضافہ برقرار ہے۔ نوشہرہ میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ پاراچنار میں برف باری کا سلسلہ شروع ہے جس کی وجہ سے پہاڑوں اور درختوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور درجہ حرارت منفی 4 تک گر گیاہے ۔خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سوات،شانگلہ،مالم جبہ سمیت کالام اور کاغان میں بھی برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد رخ کر رہی ہے ۔ضلع اورکزئی اور جمرود کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری سے موسم سرد ہو گیا تاہم برف باری اور شدید بارشوں سے شہریوں کو شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا کرپڑا اور لوگ گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے ۔دوسری جانب انتظامیہ بھی متحرک ہو گئی ۔موسم سرما کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ پی ڈی ایم اے کی امدادی فورس اور سپورٹنگ سٹاف کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران کو بھی ہر وقت دفتروں میں رہنے کا حکم دیا گیا۔آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹارگٹڈ جگہوں پر عملہ اور ہائی مشینری پہنچا دی گئی جبکہ پی ڈی ایم اے کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی آورز بڑھا ئے گئے ہیں۔