خواتین کے لئے گھروں میں کھانا پکانا ناممکن ہوگیا،عوام ہوٹل سے مہنگا کھانا خریدنے پر مجبور

پشاور ،کراچی، راولپنڈی  (ویب نیوز)

ملک کے تمام شہروں میں گیس ناپید ہو گئی،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے،گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ایل پی جی سلنڈرز کا استعمال بڑھ گیا ۔ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سمیت ملک بھر میں گیس ناپید ہوگئی ہے کراچی، حیدرآباد، ملتان، پشاور اور راولپنڈی میں بھی گیس کی شدید لوڈشیڈنگ کی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد میں گیس کی قلت سے گھریلو ور کمرشل صارفین اذیت سے دوچار ہیں اورگیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ایل پی جی سلنڈرز کا استعمال کررہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس وقت حیدرآباد میں گیس نا ہونے کی وجہ سے ہوٹل مالکان مہنگی ایل پی جی کے سلنڈرز کا استعمال کر کے ہوٹل کا کاروبار چلا رہے ہیں۔ شہریوں نے کہا کہ سردی کے موسم میں ہمیشہ گیس کا عذاب رہتا ہے جس سے شدید پریشانی کا سامنا ہے گھر میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل سے ناشتہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔لاہور میں بھی گیس کی عدم فراہمی کے باعث خواتین کے لئے گھروں میں کھانا پکانا ناممکن ہوگیا اورعوام ہوٹل سے مہنگا کھانا خریدنے پر مجبورہوگئے ہیں۔تاہم کوئٹہ کے شہری حکومت اور سوئی سدرن گیس کمپنی سے مایوس ہوکر انگیٹھیوں کا استعمال کررہے ہیں۔