- قانون اور آئین کے مطابق قومی اسمبلی نشستوں سے استعفے دے چکے ہیں، اسپیکر ہمارے استعفے منظور کریں،اسد قیصر
اسلام آباد (ویب نیوز)
استعفوں کے معاملے پرپی ٹی آئی وفد اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے درمیان ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی، اسپیکر قومی اسمبلی نے اجتماعی استعفے منظور کرنے سے انکار کردیا جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے اجتماعی استعفے منظور کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر پی ٹی آئی وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی اور اپنا موقف بتانے کے ساتھ مطالبات تحریری طور پر پیش کیے۔پارلیمنٹ ہائوس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے پی ٹی آئی کے وفد میں شامل سابق اسپیکر اسد قیصر، سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر، سابق وزیر مملکت ڈاکٹر شبیر قریشی، فہیم خان، عطا اللہ، امجد خان نیازی، طاہر اقبال و دیگر نے ملاقات کی،ملاقات کے موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی بھی موجود تھے۔ملاقات میں پی ٹی آئی ارکان کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے۔ سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہئیں۔ استعفوں کے تصدیق کے حوالے سے آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ استعفوں کے لیے تمام ارکان کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔ پہلے بھی پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے مدعو کیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کے کراچی سے ایک رکن اسمبلی نے استعفے کی منظوری روکنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔اجلاس میں پی ٹی آئی وفد نے اسپیکر کو مطالبات تحریری طور پر جمع کرادئیے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہم نے اجتماعی استعفے دئیے کہ ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ ہم نے کسی کی انٹرٹینمنٹ کے لیے استعفے نہیں دئیے کہ ایک ایک کر کے بلایا جائے۔پی ٹی آئی وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی گیارہ استعفے غیر آئینی طریقے سے منظور کیے گئے۔ جاوید ہاشمی کیس میں سپریم کورٹ استعفوں کی منظوری سے متعلق واضح کر چکی ہے۔استعفے سابق ڈپٹی اسپیکر منظور کر چکے ہیں، اب استعفوں کی تصدیق کا عمل نہیں معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا ہے۔سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ قانون اور آئین کے مطابق قومی اسمبلی نشستوں سے استعفے دے چکے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی قانون کے مطابق ہمارے استعفے منظور کریں ۔ موجودہ اسمبلی کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، جو کہ عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے ۔قبل ازیں پارلیمنٹ ہاس پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اکھٹے ہوکر اسپیکر چیمبر میں جائیں گے اور اسپیکر سے اپنے مطالبے کو دہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر سے تمام استعفے اکٹھے ایک ساتھ منظوری کی بات کریں گے۔جب انہوں نے 11اراکین کے استعفے منظور کر لیے تو اس وقت قانون سہی تھا ؟۔ تمام ارکان نے اپنی مرضی سے استعفے دیے ہیں۔اسپیکر اور پی ٹی آئی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی۔ فریقین اپنے اپنے موقف پر قائم رہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اجتماعی استعفے منظور کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ قانون کے مطابق دیکھا جائے گا۔