•  اسلام آباد میں سکیورٹی ریڈ الرٹ ، مختلف مقامات پر چیکنگ شروع ، پولیس کی شہریوں سے تعان کی اپیل
  • شہر ی کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو دیکھتے ہی فورا پکار 15 پر اطلاع دیں،پولیس

اسلام آباد  (ویب نیوز)

اسلام آباد میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خودکش بمبار کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ ممکنہ دہشت گرد ذاکر خان ولد لائق جس کا تعلق خیبر پختو نخواسے ہے، دہشت گردی کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کرے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پولیس کو رپورٹ دی جس کے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کرکے حفاظتی اقدامات سخت کردیئے گئے ۔پولیس کے مطابق اسلام آباد کی سکیورٹی کے پیش نظر مختلف مقامات پر چیکنگ شروع کردی گئی جس کی وجہ سے عوام کو دفاتر اور کاروباری مقامات تک پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کر پڑ رہاہے۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت اقدامات کے باعث دفاتر یا کاروباری مقامات پر جانے کیلئے 15 سے 20 منٹ پہلے نکلیں۔پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سخت چیکنگ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کی جا رہی ہے، جس پر زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ دوران چیکنگ اہل کاروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو دیکھتے ہی فورا پکار 15 پر اطلاع دیں۔