لاہور،مرغی کی قیمت میں تاریخی اضافہ ، انڈے بھی عوام کی دسترس سے باہر
برائلر مرغی کا گوشت 572 روپے فی کلوجبکہ درجن فارمی انڈے 283روپے ہو گئے
لاہور(ویب نیوز)
لاہور میں برائلر مرغی کا گوشت ملکی تاریخ میں پہلی بار 572 روپے فی کلو ہوگیا اور فارمی انڈے 283 روپے فی درجن کی سطح پر پہنچ گئے۔ لاہور میں برائلر مرغی کا گوشت میں دو روز میں 38 روپے کا اضافہ کردیا گیا جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ شہریوں نے کہا کہ لاہور میں شادی سیزن کی وجہ سے مافیاز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مرغی اور انڈوں کی کھپت کے مقابلے سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کے بعد مرغی کا گوشت 570 روپے سے مہنگا کرکے 572 روپے کلو کردیا گیا اور ہول سیل زندہ برائلر 373 جبکہ پرچون بازار میں زندہ برائلر 381 روپے فی کلو کے حساب سیفروخت کی جارہی ہے۔ لاہور میں انڈوں کہ قیمت میں 6 روپے اضافہ کردیا گیا ہے جس سے انڈے 277 روپے سے بڑھا کر 283 روپے درجن ہوگئے اور انڈوں کی پیٹی کی قیمت 8 ہزار 3 سو 70 روپے کی مقرر کردی گئی ۔