• مجھے یہ بھی دیکھنا ہے  الیکشن کے لیے کونسی تاریخ دی جائے کیونکہ 90 روز میں انتخابات کرانے ہوں گے
  • اسمبلی عوام کا منتخب ادارہ ہے جس کو وقت سے پہلے تحلیل کرنا جمہوریت پسند انسان کے لیے مشکل ہے، بلیغ الرحمان کی میڈیا سے گفتگو

 

لاہور (ویب نیوز)

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ اسمبلی عوام کا منتخب ادارہ ہے جس کو وقت سے پہلے تحلیل کرنا جمہوریت پسند انسان کے لیے مشکل ہے، سمری  پر دو دنوں میں فیصلہ کرنا ہے اور منظور کرتے ہی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔ لاہور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے  گزشتہ رات سمری موصول ہوئی ہے جس پر دو دنوں میں فیصلہ کرنا ہے اور منظور کرتے ہی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی عوام کا منتخب ادارہ ہے جس کو وقت سے پہلے تحلیل کرنا جمہوریت پسند انسان کے لیے مشکل ہے۔ گورنر نے کہا کہ مجھے یہ بھی دیکھنا ہے کہ الیکشن کے لیے کونسی تاریخ دی جائے کیونکہ 90 روز میں انتخابات کرانے ہوں گے جس میں رمضان بھی ہوگا اور اگر اس سے پہلے انتخابات ہوں تو وقت بہت کم ہوگا اس لیے تمام چیزوں کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی اور قائد حزب اختلاف کو کہنا ہے کہ وہ پہلے آپس میں مل کر فیصلہ کریں اور اگر نہ کر سکیں تو پھر اگلے مراحل ہوں گے اور نگراں حکومت کا بھی نوٹی فکیشن جاری کرنا ہے۔