- کیس کے حوالے سے کیا پیشرفت ہے،عدالت کا ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار
- قائم مقام امریکی سفیر سے ہمارے آفیشلز کی ملاقات ہوئی ہے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا جواب
- کیا کافی اورکیک کی میٹنگ ہوئی، کوئی آئیڈیا نہیں اس ملاقات میں کیا ہوا ،جسٹس سرداراعجازاسحاق خان
- عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ سفارتی سطح پراٹھایا گیا ہے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل
- بظاہرلگتا ہے حکومت اس معاملے میں بے بس نظر آتی ہے،، عافیہ صدیقی کے لیے امریکا میں ایک اور وکیل ہائر کیا ہے ،وکیل فوزیہ صدیقی
- عدالت کا وزارت خارجہ حکام کو آئندہ ہفتے فوزیہ صدیقی کے ساتھ میٹنگ کرنے کا بھی حکم
- عافیہ صدیقی ہماری شہری ہیں جو مدد حکومت کر سکتی ہے کریگی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی یقین دہانی
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت خارجہ کو قانونی محاذ پر فوزیہ صدیقی کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی امریکا سے رہائی کیلئے دائردرخواست پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی، ڈاکٹرفوزیہ صدیقی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئیں۔عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیس کے حوالے سے کیا پیشرفت ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ قائم مقام امریکی سفیر سے ہمارے آفیشلز کی ملاقات ہوئی ہے۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دیئے کہ کیا کافی اورکیک کی میٹنگ ہوئی، کوئی آئیڈیا نہیں اس ملاقات میں کیا ہوا ہے، ساتویں، آٹھویں سماعت ہے حکومت اس حوالے سے کچھ کرنا نہیں چاہتی، ہمارا بھی ایک دائرہ اختیار ہے اس کی حد تک ہی رہ سکتے ہیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ سفارتی سطح پراٹھایا گیا ہے،فوزیہ صدیقی کے وکیل نے موقف پیش کیا کہ بظاہرلگتا ہے حکومت اس معاملے میں بے بس نظر آتی ہے، عافیہ صدیقی کے لیے امریکا میں ایک اور وکیل ہائر کیا ہے۔عدالت نے وزارت خارجہ کو قانونی محاذ پر فوزیہ صدیقی کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزارت خارجہ حکام کو آئندہ ہفتے فوزیہ صدیقی کے ساتھ میٹنگ کرنے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں یقین دہانی کرائی کہ عافیہ صدیقی ہماری شہری ہیں جو مدد حکومت کر سکتی ہے کرے گی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکا سے رہائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔