لاہور (ویب نیوز)
بارشیں برسانے والے نئے نظام کی آمد، نیا سلسلہ ہفتہ سے ملک میں داخل ہونا شروع ہوجائے گا، بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کے باعث بننے والے بارشوں کے نئے نظام نے دستک دے دی، نیا نظام بلوچستان کے راستے (آج) بروزہفتہ21 جنوری سے ملک میں داخل ہونا شروع ہوجائے گا جو ہفتے کی شام تک ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، نئے نظام کے تحت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری طرف نیا نظام لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہلکے سے درمیانے درجے کی بارشیں برسانے کا باعث بنے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 24 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے، اِس دوران تیز ہوائوں کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے جس دوران چند ایک علاقوں میں ژالہ باری بھی ممکن ہے۔صورت حال کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کردی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی البتہ یہ بارشیں فصلوں کے لئے مفید ثابت ہوں گی۔