طوفانی بارشیں: گوادر کو آفت زدہ قراردے دیا گیا

بلوچستان حکومت کا تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو 7 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ

کوئٹہ( ویب  نیوز)

طوفانی بارشوں کے باعث گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔نگران صوبائی وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے بتایا کہ گوادر کو حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دیا گیا، گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے حوالے سے نگران وزیراعلی نے سمری پر دستخط کر دیئے۔جان اچکزئی نے مزید بتایا کہ نگران وزیراعلی گوادر سمیت تمام بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔گوادر اور گردو نواح میں بارش اور ژالہ باری جاری ہے ، نگور میں بارشوں سے کھیتوں کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے پانی گوادر شہر کی طرف بڑھنے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ گوادر میں بارشوں کے بعد کئی علاقے اب بھی زیرآب آگئے ہیں جبکہ مزید بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے،مسلسل بارشوں سے گھروں میں گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہوگیا۔شہریوں کا شکوہ ہے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں متاثرین کا کہنا ہے کہ بچے، خواتین اور بزرگ بھوکے، پیاسے ہیں ،3 دن سے کوئی سو نہیں سکا۔اس کے علاوہ سول اسپتال کے سامنے پانی جمع ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے،متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں اور راشن کی تقسیم جاری  ہے۔دوسری جانب نوکنڈی کے دلدلی علاقے میں پھنسی گاڑیاں نکالنے کیلئے لیویز اہلکار پہنچ گئے،متاثرین میں خوراک،پانی اور کمبل تقسیم کیا۔کوئٹہ میں بھی بارش سے سڑکیں زیر آب  آگئیں جبکہ مستونگ، قلات، چاغی،چمن،قلعہ عبداللہ اورپشین سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھِی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔نگور میں بارشوں سے کھیتوں کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں  بند ٹوٹنے سے پانی گوادر شہر کی طرف بڑھنے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ گوادر میں گزشتہ دو روز کے دوران 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مزید بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔بلوچستان حکومت کا تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو 7 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کو مدنظر رکھتے اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔