صدر مملکت کا آن لائن بینک فراڈ اور جعل سازی کے بڑھتے واقعات کا نوٹس
بینکنگ محتسب کو تشویشناک رجحان کا سنجیدگی سے سخت نوٹس لینے کی ہدایت
بینکوں کو تمام ذرائع ابلاغ، روایتی اور ڈیجیٹل کے ذریعے آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے،عارف علوی
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آن لائن بینک فراڈ اور جعل سازی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے بینکنگ محتسب کو تشویشناک رجحان کا سنجیدگی سے اور سخت نوٹس لینے کی ہدایت کی ہے۔ جاری بیان کے مطابق آن لائن بینکنگ فراڈ کے بڑھتے ہوئے رجحان میں نوسرباز خود کو فون پر بینک کا اہلکار ظاہر کرکے صارفین کی ذاتی بینکنگ تفصیلات حاصل کرکے شہریوں کی رقم آن لائن ذرائع سے نکلوا لیتے ہیں۔صدر مملکت نے آن لائن بینک فراڈ سے متعلق اخبارات میں خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں معروف ناول نگار اور ڈرامہ نگار مرزا اطہر بیگ کو ایک آن لائن نوسرباز نے ان کے بینک اکائونٹ سے 11لاکھ روپے سے محروم کر دیا تھا۔صدرمملکت نے کہا کہ بینکنگ محتسب کے ذریعے صدر مملکت کی جانب سے سینکڑوں فراڈ کیسز کا فیصلہ کرنے اور آن لائن فراڈ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے باوجود فراڈ کے واقعات میں اضافہ پریشان کن ہے۔صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کو تشویشناک رجحان کا سنجیدگی سے اور سخت نوٹس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے بینکنگ محتسب کو ہنگامی بنیادوں پر مناسب چیک اینڈ بیلنس اور فول پروف سکیورٹی سسٹم لاگو کرنے کے لیے ٹھوس، بامعنی اور موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام بینکوں کو مشترکہ طور پر تمام ذرائع ابلاغ، روایتی اور ڈیجیٹل کے ذریعے آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے،بینک صارفین کو آن لائن بینکنگ پلیٹ فارمز کے محفوظ استعمال کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے،آن لائن بینکنگ کے حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات اور متعلقہ ایس او پیز کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔صدر کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے مرزا اطہر بیگ سے رابطہ کیااور بینک کی جانب سے مقررہ وقت میں ریلیف نہ ملنے کی صورت میں بینکنگ محتسب کو باضابطہ شکایت درج کرانے کا کہا۔