نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون ،کراچی ،اسلام آباد سمیت مختلف شہر اندھیرے میں ڈوب گئے،12 گھنٹے بعد بجلی بحال ہونا شروع ہوئی
این ٹی ڈی سی اور پاور پلانٹ میں رابطہ منقطع ہونے سے بجلی کی فریکوینسی کم ہوئی، ایک کے بعد دوسرے پاور پلانٹ ٹرپ کرتے گئے
اسلام آباد،کراچی، لاہور، کوئٹہ،پشاور( ویب نیوز)
ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون ہونے کی وجہ سے 12 گھنٹے گزرنے کے بعد بجلی بحال ہونا شروع ہوئی۔ بجلی کے بڑے بریک ڈائون نے این ٹی ڈی سی کی کارکردگی کا پول کھول دیا، بریک ڈائون کے وقت پروٹیکشن سسٹم نے کام نہیں کیا، پروٹیکشن سسٹم کے رسپانس نہ دینے کے باعث بڑا بریک ڈائون ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق این ٹی ڈی سی نے تاحال بریک ڈائون کی وجوہات نہیں بتائیں، لیسکو ریجن 12 گھنٹے سے زائد بند رہا، تربیلا اور منگلا پاور پلانٹ کو چلانے کی 2 کوششیں ناکام ہوئیں، گڈو سے کوئٹہ جانے والی این ٹی ڈی سی میں خرابی پیدا ہوئی، خرابی سے بجلی کی ترسیل میں تعطل آیا۔ این ٹی ڈی سی اور پاور پلانٹ میں رابطہ منقطع ہونے سے بجلی کی فریکوینسی کم ہوئی، کیسکیڈنگ کے باعث ایک کے بعد دوسرے پاور پلانٹ ٹرپ کرتے گئے، پاور پلانٹس بند ہونے سے سندھ، جنوبی پنجاب، سینٹرل پنجاب کی بجلی بند ہو گئی، لیسکو کو فیڈ کرنے والے 9 گرڈ سٹیشنز بھی بند ہوئے۔ بریک ڈائون کے باعث لیسکو کے 132 کے وی کے 153 گرڈ سٹیشنز بند ہونے کی وجہ سے لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور کے علاقے بجلی سے محروم رہے، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لاہور میں پانی بحران سر اٹھانے لگا، شہریوں کو ٹیوب ویلز بند ہونے کی وجہ سے پانی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ ہسپتال اور دیگر ادارے بھی بجلی سے محروم ہیں۔ دوسری جانب وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے اسلام آباد کے شہری علاقوں میں بجلی بحالی کا دعوی کیا ہے، سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک ٹویٹ میں کہا کہ شہر میں بجلی بحال ہو چکی ہے۔ دوسری جانب ملک میں پانی کی تقسیم، ضوابط اور نگرانی کرنے والے ادارے انڈس ریور اتھارٹی سسٹم (ارسا) کی جانب سے بجلی بریک ڈائون کے پیش نظر تربیلا اور منگلا ڈیم سے پانی کے اخراج کی حد ختم کردی گئی۔ صورتحال کے پیش نظر پانی کی تقسیم کے نگران ادارے ارسا کی جانب غیرمعمولی فیصلہ سامنے آیا ہے تاکہ تربیلا اور منگلا ڈیم کے بند ٹربائین سے اضافی بجلی کا حصول ممکن ہوسکے۔ ارسا ذرائع کے مطابق منگلاڈیم سے غیرمعمولی پانی چھوڑنے پر پنجاب حکومت کو اعتمادمیں لیاگیا اور اس سلسلے میں نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے منگلا سے پانی چھوڑنے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خرم دستگیر نے کہا ہے کہ صبح ملک میں وولٹیج کاغیرمعمولی اتارچڑھائو آیا، جس کے باعث ملک بھرمیں بریک ڈائون ہوا۔