سائبر فراڈ میں ملوث 69 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، ایف آئی اے حکام کی سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ
جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی اسکینڈل میں ملوث ملزمان کے لئے ایک ماہ کی مہلت
شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلرز گروہ کمزور اور بے اثرہوچکے ہیں،آر پی او بنوں کا اجلاس میں دعوی
اسلام آباد (ویب نیوز)
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ سائبر فراڈ میں ملوث 69 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ کمیٹی نے اسکینڈل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اورکیس میں پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے ایف آئی اے ایک ماہ کا وقت دے دیا، آر پی او بنوں نے اجلاس میں دعوی کیا کہ شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلرز گروہ کمزور اور بے اثرہوچکے ہیں ۔منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس چئرمین محسن عزیز کی صدارت میں ہوا ۔قائمہ کمیٹی نے لائن پولیس پشاور حملے، کوہاٹ ڈیم واقعہ، لسبیلہ بس حادثہ اور ملک میں ہونے والے دیگر واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزارت داخلہ کے حکام کی درخواست پر ایجنڈے میں شامل قانون سازی سے متعلق بلزپر کارروائی موخر کر دی۔کمیٹی کے اجلاس کے دوران شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر اظہارتشویش کیا گیا ہے ۔ آر پی او بنوں نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دعوی کیا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروہ کمزور اور بے اثرہوچکے ہیں اب وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے اس حقیقت کے بارے میں بھی کمیٹی کو بتایا کہ دہشت گرد جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں جس کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں Enforcement gencies Law ،کو مشکلات کا سامنا ہے۔اجلاس کی کاروائی کے دوران سینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے پر ہونے والے حملے کے معاملہ کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجرموں کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم اب تک اس سلسلے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے کیونکہ سہ بارڈری علاقہ جرائم کے ارتکاب کے بعد مجرموں کے لیے فرار کا آسان راستہ ہے۔ کمیٹی نے اگلے اجلاس میں متعلقہ علاقے میں تعینات سیکورٹی کے تمام اداروں میں حکام کو طلب کرلیا ۔اجلاس میں ایک پرکشش نام پر ہونے والے سائبر فراڈ کے معاملہ کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ درخواست گزار نے کمیٹی کو اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ اس اسکینڈل میں ملوث 69 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ کمیٹی نے کیس میں پیش رفت کے لیے ایک ماہ کا وقت دے دیا۔