پشاور (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں 90 دن کے اندر انتخابات کرانے کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔پی ٹی آئی کے صوبائی رہنمائوں نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانا لازمی ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو خط لکھا ہے لیکن گورنر نے ابھی تک انتخابات کے لیے تاریخ نہیں دی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن کرانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے۔اس حوالے سے سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات منعقد کرانے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے اور بروقت الیکشن کرانا آئینی ضرورت ہے۔عاطف خان نے مزید کہا کہ آئین میں ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں لیکن اب تک گورنر نے تاریخ نہیں دی۔ یہ غیر آئینی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں پی ڈی ایم الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے۔ گورنر نے 90 دن میں الیکشن کرانے ہیں۔ نگراں کابینہ غیر سیاسی ہوتی ہے لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ یہ پی ڈی ایم کی کابینہ ہے۔