ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کی استدعا مسترد

اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ نے عمران کی عبوری ضمانت میں10فروری تک توسیع کردی

 10 فروری کو عمران خان نہ آئے یا نئی کوئی درخواست بھی لانے کی کوشش کی توضمانت خارج ہوگی،جج

 عمران خان بے شک میرے سامنے آ کر کھڑے نہ ہوں، وہ نیچے آئیں اور حاضری لگوا دیں، ریمارکس

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کی استدعا مستردکردی ، جبکہ عمران خان کی عبوری ضمانت میں10فروری تک توسیع کردی ۔منگل کو بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کی، اس موقع پر عدالت سے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔جج رخشندہ شاہین نے عمران خان کے وکیل سے کہا بس بہت ہوگیا، اب میرے پاس کوئی آپشن نہیں، میرٹ پر آپ کا کیس جو بھی ہو ذاتی حاضری ضروری ہے۔ عدالت نے عمران خان کی 10 فروری تک عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ 10 فروری کو عمران خان نہ آئے تو ضمانت خارج کردیں گے، 10 فروری کو نئی کوئی درخواست بھی لانے کی کوشش کی توضمانت خارج ہوگی۔  جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بے شک میرے سامنے آ کر کھڑے نہ ہوں، وہ نیچے آئیں اور حاضری لگوا دیں۔جج نے کہا کہ اپنا مائنڈ پیشگی ظاہر کرنا کہیں یا جو مرضی، بتا دیا، نہ آئے تو ضمانت خارج ہو گی۔عمران خان کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 10 فروری کو ایک اور سماعت بھی ہے، تاریخ کوئی اور دیں۔جج نے کہا کہ میں اپنا آرڈر لکھوا چکی ہوں،تاریخ بدلنی ہے تو درخواست دیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کردی تھی۔