پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کرنیکا ڈیلی کوٹہ ختم
لاہور،فیصل آباد ،ملتان ،گوجرانوالہ،راولپنڈی میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء آسان بنا دیا لائسنسنگ سینٹرز دو شفٹ میں کام کرینگے
لائسنسنگ سینٹرز ہفتے اوراتوار کو بھی اوپن رہیںگے،لاہورکے علاقے لبرٹی کا سینٹر24گھنٹے شہریوں کے لائسنس بنائے گا:محسن نقوی
گلبرگ،مال روڈ،جیل روڈاورفیروزپور روڈ کو ماڈل روڈز قرار دینے کا فیصلہ، روڈ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت
پروگرام کے تحت ٹریفک پولیس کی ٹیمیں کالجوں میں جا کر طلبہ کے لائسنس بنائیںگی،طلبہ کا ٹیسٹ بھی کالج میں ہی لیا جائے گا
ٹریفک وارڈنزکی ترقی سے متعلقہ امور کو جلد از جلدنمٹانے کی ہدایت
سڑکوں پر بھیک مانگنے والے مافیا کیخلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کا حکم ، بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے
شہرمیں جاری ترقیاتی کاموں اورپی ایس ایل میچز کو مدنظر رکھ کر بہترین منصوبہ بندی کی جائے، محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس
لاہور (ویب نیوز)
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہورسمیت پنجاب میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے بڑے فیصلے کئے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کرنے کا ڈیلی کوٹہ ختم کرتے ہوئے کہا کہ چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے کی روش ختم کردی ہے،ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی ڈیلی چالان سے مشروط نہیں ہوگی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ5بڑے شہروں میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک لائسنس کے اجراء آسان بنا دیا ہے۔ لاہور،فیصل آباد ،ملتان ،گوجرانوالہ اورراولپنڈی میںلائسنسنگ سینٹرز دو شفٹ میں کام کریںگے۔لائسنسنگ سینٹرز ہفتے اوراتوار کو بھی اوپن رہیںگے۔لاہورکے علاقے لبرٹی کا سینٹر24گھنٹے شہریوں کے لائسنس بنائے گا جس سے شہریو ںکو ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں بے پناہ سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ،مال روڈ،جیل روڈاورفیروزپور روڈ کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل روڈز قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ماڈل روڈز پر ٹریفک کی روانی کیلئے موثر مینجمنٹ سسٹم لاگو کیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کیلئے روڈ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔سڑکوں پرموجود رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تجاوزات کو ہٹایا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لئے آؤٹ ریچ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت کالجوں میں ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جا کر طلبہ کے لائسنس بنائیںگی اور طلبہ کا ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی متعلقہ کالج میں ہی لیا جائے گا۔طلبہ کو ٹریفک قوانین سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹریفک وارڈنزکی ترقی سے متعلقہ امور کو جلد از جلدنمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی سے متعلقہ امور کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑکوں پر گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ گوشت فروخت کرنے والوں کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ پرندوں کی وجہ سے فضائی حادثے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سڑکوں پر بھیک مانگنے والے مافیا کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے اور بھیک مانگنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کیا جائے۔انہو ںنے کہا کہ سمن آباد انڈر پاس اورکلمہ چوک انڈر پاس کو جلداز جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں ۔ٹریفک نظام کو درست کرنا ایک چیلنج ہے اورآپ نے اسے ہر حال میں پورا کرنا ہے ۔شہری ٹریفک جام ہونے سے مشکلات کا شکارہوتے ہیں ،ہمیں اسے فوری حل کرنا ہے۔ خود بھی احساس ہے کہ ٹریفک کی وجہ سے کس قسم کی کوفت سے گزرنا پڑتا ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ شہرمیں جاری ترقیاتی کاموں اورپی ایس ایل میچز کو مدنظر رکھ کر بہترین منصوبہ بندی کی جائے ۔سڑکوں کی بندش کی صورت میںقبل ازوقت عوام کو بھر پور آگاہی دی جائے۔ ٹریفک نظام کو بہتر کردیا تو ذمہ داری کی ادائیگی کے ساتھ لوگ آپ کو دعائیں بھی دیںگے۔ نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور میں سالانہ 3لاکھ 70ہزار گاڑیوں اورموٹر سائیکلوںکا اضافہ ہوتا ہے ۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، کمشنر لاہور ڈویژن،سی ٹی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور، ایم ڈی ٹیپا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی
#/S