پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15فروری سے پہلے اضافہ نہیں ہوگا،مصدق ملک
آئی ایم ایف مذاکرات کا پیٹرول کی قیمتوں سے کوئی تعلق نہیں،پیٹرول کے لیے ایل سیزکھلی ہیں،کوئی بندش نہیں لگائی
جو پیٹرول پمپ محدود مقدار میں سپلائی دے رہے ہیں ان کی نشاندہی ضروری ہے، پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی،وزیر مملکت
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہ پر مختلف شہروں میں پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئیں
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف مذاکرات کا پیٹرول کی قیمتوں سے کوئی تعلق نہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 فروری سے پہلے اضافہ نہیں ہوگا۔ مصدق ملک نے ایک بیان میں کہا کہ 15فروری سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی امکان نہیں ہے،پیٹرول کے لیے ایل سیزکھلی ہیں،کوئی بندش نہیں لگائی، ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ جو پیٹرول پمپ محدود مقدار میں سپلائی دے رہے ہیں ان کی نشاندہی ضروری ہے، پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے صبح میٹنگ ہوئی، ملک میں 20 روز کا پیٹرول اور 25 دن کے ڈیزل کا ذخیرہ موجود ہے، لوگ پیٹرول ذخیرہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہ پر گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئیں، موٹرسائیکل سواروں کو 300 اور گاڑی والوں کو 1000 کا تیل دیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق تین روز سے پیٹرول سپلائی نہ ملنے پر بیشتر ییٹرول اسٹیشنز پر پیٹرول ختم ہوگیا ہے، گوجرانوالہ شہر اور آس پاس کے علاقوں میں قائم 350 میں سے صرف 50 پیٹرول اسٹیشنز پر پیٹرول دستیاب ہے، پیٹرول لینے کیلئے گاڑیوں کی لمبی لائنوں میں شہری گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں، گوجرانوالہ کے بیشتر پٹرول پمپس سے پٹرول کی سپلائی بند ہونے پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پٹرول نا ملنا حکومت کی ناکامی ہے، مصنوعی بحران پیدا کرکے شہریوں کا خوار کیا جارہا ہے، حکومت پٹرول کی سپلائی بحال کرے۔