- سرکاری قیمت 264 روپے فی کلو ملک میں کسی جگہ بھی دستیاب نہیں، 340 سے 400 روپے تک فروخت جاری ہے
- وزیر اعظم کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے جبکہ وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے
- اوگرا اور چیف سیکریٹری پنجاب نے پیٹرول اور ایل پی جی کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دیں، پھر بھی بلیک مارکیٹنگ کا بازار گرم ہے
- ایشیا کا سب سے بڑا پلانٹ جے جے وی ایل چلایا جائے جس کے ذریعے بیرون ملک سے زر مبادلہ بھی لایا جا سکتا ہے،چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن
لاہور (ویب نیوز)
عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی کلو کمی کے باوجودگیس مافیا نے ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں 15روپے فی کلو مزید اضافہ کر دیا گیا۔چیئرمین ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ گیس مافیا نے 15روپے فی کلو اضافہ کر دیا جس کے نتیجے میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 177 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 681 روپے کا اضافہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری قیمت 264 روپے فی کلو ملک میں کسی جگہ بھی دستیاب نہیں، ملک بھر میں قیمت 340 سے 360 اور پہاڑوں پر 400 روپے میں فروخت جاری ہے۔عرفان کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے جبکہ وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔ اوگرا اور چیف سیکریٹری پنجاب نے پیٹرول اور ایل پی جی کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی لیکن پھر بھی ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کا بازار گرم ہے۔ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن نے کہا کہ من مانی قیمت پر ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے اور اوگرا خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یومیہ 5000ٹن ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے، ایل پی جی انڈسٹری کو ٹیکس فری کیا جائے اور مقامی پیداوار بڑھائی جائے۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایشیا کا سب سے بڑا پلانٹ جے جے وی ایل چلایا جائے جو نہ صرف پاکستان کی ضرورت کو پورا کرے گی بلکہ بیرون ملک سے زر مبادلہ بھی لایا جا سکتا ہے۔ سالوں سے خسارے میں مبتلا سرکاری گیس کمپنی کو ایل پی جی کی اجارہ داری نے بچایا ہوا ہے۔